اردو کے نام پر بڑے بڑے ادارے، مگر اردو اخبار سے اتنی بے رخی کیوں؟

رمیز راجا چکھلی، ضلع بلڈانہ
اردو سے محبت کے دعوے بہت ہیں، لیکن عملی زندگی میں اردو کو اپنانے والے کم ہوتے جا رہے ہیں!
اردو ہماری مادری زبان، ہماری تہذیب، ہماری ثقافت اور ہماری شناخت کا ایک اہم حصہ ہے۔ لیکن آج ایک سوال دل کو جھنجھوڑتا ہے کہ آخر اردو کے ساتھ یہ بے رخی کیوں؟ جس زبان کو ہم اپنی پہچان کہتے ہیں، اسی زبان کو اپنی روزمرہ زندگی، اپنے گھروں اور اپنی نئی نسل سے دور کیوں کرتے جا رہے ہیں؟
آج کے دور میں اردو کے نام پر بڑے بڑے اسکول، کالج اور تعلیمی ادارے قائم کیے جا رہے ہیں۔ اردو کے فروغ اور تحفظ کے دعوے بھی کیے جاتے ہیں، لیکن ایک سوال ہے جس پر ہم سب کو غور کرنا چاہیے: کیا ان اردو اسکولوں اور کالجوں میں ایک بھی اردو اخبار باقاعدگی سے آتا ہے؟ کیا وہاں طلبہ کو اردو اخبار پڑھنے کی ترغیب دی جاتی ہے؟
یہ سوال صرف تعلیمی اداروں سے نہیں بلکہ اردو پڑھانے والے اساتذہ اور اردو سے محبت کا دعویٰ کرنے والے ہر شخص سے بھی ہے۔ کیا ہمارے اردو اساتذہ اپنے گھروں میں ایک اردو اخبار نہیں لگوا سکتے؟ حیرت کی بات ہے کہ کئی گھروں میں دوسرے زبانوں کے اخبارات باقاعدگی سے آتے ہیں، مگر اردو اخبار کے لیے جگہ نہیں ہوتی۔ آخر ایسا کیوں؟
جب اردو کے اساتذہ، تعلیمی اداروں کے ذمہ داران اور اردو سے وابستہ لوگ ہی اردو اخبار کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ نہیں بنائیں گے تو نئی نسل میں اردو پڑھنے کا شوق کیسے پیدا ہوگا؟ صرف اردو کے نام پر ادارے کھولنے سے زبان کا فروغ نہیں ہوگا، بلکہ اردو کو پڑھنے، لکھنے اور عملی زندگی میں اپنانے کی ضرورت ہے۔
افسوس کی بات ہے کہ ہم اردو سے محبت کے دعوے تو بہت کرتے ہیں، لیکن عملی زندگی میں اسے اہمیت دینے سے کتراتے ہیں۔ بچوں کو انگریزی میڈیم میں پڑھانا ترقی کی علامت سمجھا جاتا ہے، مگر اردو پڑھنے اور لکھنے کی بات آئے تو دلچسپی کم دکھائی دیتی ہے۔ دوسری زبانیں سیکھنا یقیناً اچھی بات ہے، لیکن اپنی مادری زبان کو نظرانداز کرنا کہاں کی دانشمندی ہے؟
میرا ماننا ہے کہ اردو کو کسی دوسری زبان سے خطرہ نہیں، بلکہ ہماری اپنی بے توجہی اس کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے۔ اگر ہم نے آج اپنی زبان کی قدر نہیں کی تو آنے والی نسلیں اردو کو صرف کتابوں اور تاریخ کے صفحات میں تلاش کریں گی۔
سوچنے کی بات یہ ہے کہ جب ہم خود اپنے گھروں میں اردو اخبار نہیں پڑھیں گے، اپنے بچوں کو اردو کتابیں نہیں دیں گے اور اپنے تعلیمی اداروں میں اردو کو عملی فروغ نہیں دیں گے تو پھر اردو کے زوال کا شکوہ کس سے کریں گے؟
اردو سے محبت صرف عالمی یومِ اردو منانے، تقریریں کرنے یا سوشل میڈیا پر پیغامات لکھنے سے ثابت نہیں ہوتی، بلکہ اردو اخبار خریدنے، پڑھنے، لکھنے اور اپنی نئی نسل تک پہنچانے سے ثابت ہوتی ہے۔
آئیے! اردو کو صرف نعروں تک محدود نہ رکھیں، اسے اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔ کیونکہ اردو ہماری پہچان ہے اور اس کی بقا کی ذمہ داری بھی ہماری ہی ہے۔
اردو سے بغاوت کا شکوہ دوسروں سے نہیں، پہلے خود اپنے رویّوں سے کیجیے!




