کولہاپور میں آدھی رات کو فسادات جیسا ہنگامہ، ہجوم کی جانب سے پتھراؤ اور پٹرول بموں کا حملہ، پولیس سمیت 10 زخمی

کولہاپور: (کاوش جمیل نیوز) :جمعہ کی آدھی رات کو کولہاپور کے سدھارتھ نگر، راجے باغسوار علاقے میں فسادات جیسا ہنگامہ برپا ہونے کا سنسنی خیز واقعہ سامنے آیا۔ ایک منڈل کی سالگرہ کے موقع پر لگائی گئی ساؤنڈ سسٹم سے پیدا ہوئے جھگڑے کے بعد علاقے میں بڑا فساد بھڑک اٹھا۔ رات گئے ایک ہجوم نے علاقے میں داخل ہو کر شدید پتھراؤ اور گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی۔ اس دوران دو پٹرول بم پھینکے جانے کی بھی اطلاع ہے۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں افراتفری اور خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقامی لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور ہجوم کو جواب دینے کی کوشش کی۔
اطلاع ملتے ہی لکشمی پوری پولیس موقع پر پہنچی اور ہجوم کو منتشر کرنے کی کارروائی کی۔ تاہم، مشتعل ہجوم نے پولیس پر بھی جوابی حملہ کیا، جس میں کچھ پولیس اہلکار اور مقامی شہریوں سمیت تقریباً 10 افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق، بھارت ترون منڈل پرنیت راجے باغسوار فٹبال کلب کی سالگرہ تقریب کے دوران جمعہ دوپہر ساؤنڈ سسٹم کے مسئلے پر تنازعہ کھڑا ہوا تھا۔ رات ہوتے ہوتے یہی جھگڑا دو فرقوں کے درمیان بڑے تصادم میں بدل گیا۔ سیدھارتھ نگر – راجے باغسوار علاقے میں پتھراؤ، گاڑیوں کی آگ زنی اور توڑ پھوڑ کی گئی۔ پولیس نے لاٹھی چارج کر کے ہجوم کو قابو میں کرنے کی کوشش کی لیکن دیر تک دونوں جانب سے حالات کشیدہ رہے۔
اطلاع کے مطابق، سیدھارتھ نگر کے داخلی دروازے پر ساؤنڈ سسٹم لگانے کی وجہ سے سڑک مکمل طور پر بند ہوگئی تھی، جس پر شہریوں نے پولیس سے شکایت کی۔ پولیس نے ساؤنڈ سسٹم بند کرایا۔ رات تقریباً پونے دس بجے کچھ نوجوانوں کا گروپ سیدھارتھ نگر میں داخل ہوا اور اندھا دھند گاڑیوں کی توڑ پھوڑ شروع کردی۔ ٹرک اور رکشہ کو الٹ کر ان میں پٹرول ڈال کر آگ لگا دی گئی۔
اس اچانک حملے کے بعد مقامی خواتین اور نوجوان گھروں سے باہر نکل آئے اور ہجوم کا مقابلہ کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران فساد کرنے والے افراد موقع سے فرار ہوگئے۔ رات گئے تک علاقے میں کشیدگی بنی رہی تاہم فی الحال صورت حال قابو میں بتائی جاتی ہے۔