دارالعلوم دیوبند میں داخلہ کے خواہشمند طلبہ کے لیے اہم اطلاع؛ ذاکر احمد شیخ، بالاپور کی جانب سے خصوصی پیغام

بالاپور: (ذاکراحمد) :دارالعلوم دیوبند میں داخلہ کے خواہشمند طلبہ کو مطلع کیا جاتا ہے کہ اس سال سالِ چہارم تا دورۂ حدیث کے لیے داخلہ امتحان میں شرکت کے خواہشمند امیدوار طلبہ کو آن لائن فارم بھرنا لازمی ہے۔ یہ آن لائن درخواست فارم دارالعلوم دیوبند کی سرکاری ویب سائٹ darululoom-deoband.com پر دستیاب ہے۔
فارم پُر کرنے کے بعد امیدوار طلبہ اجازت نامہ (ایڈمٹ کارڈ) کا پرنٹ نکال کر اپنے پاس محفوظ رکھیں، تاکہ امتحان کے وقت کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔ داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 26 رمضان المبارک 1447 ہجری مقرر کی گئی ہے۔ اس کے بعد کسی بھی درخواست پر غور نہیں کیا جائے گا۔ فارم بھرنے سے قبل دارالعلوم دیوبند کی ویب سائٹ پر موجود تمام قواعد و ضوابط کو بغور پڑھنا نہایت ضروری ہے، تاکہ کسی بھی قسم کی غلطی یا کوتاہی سے بچا جا سکے۔
اس موقع پر زاکر احمد شیخ، بالاپور نے علمِ دین کے شائق طلبہ کے نام ایک خصوصی پیغام میں کہا کہ جو بچے عالم، مفتی، حافظ اور قاری بننے کا عزم رکھتے ہیں، انہیں اس سنہری موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ دارالعلوم دیوبند برصغیر کا ایک عظیم دینی و تعلیمی مرکز ہے، جہاں سے تعلیم حاصل کر کے بے شمار علما نے دنیا بھرمیں دینِ اسلام کی خدمت انجام دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں دینی تعلیم کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔ ایسے میں جو بچے دین کی خدمت اور آخرت کی کامیابی کا خواب رکھتے ہیں، وہ دل جمعی، محنت اور اخلاص کے ساتھ اس میدان میں قدم رکھیں۔ والدین کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کی دینی تعلیم کے لیے بھرپور رہنمائی اور تعاون کریں۔ آخر میں انہوں نے تمام طلبہ کے روشن مستقبل، کامیابی اور دین کی خدمت کے جذبے کے لیے دعا کی۔



