امریکہ کے 7 فوجی اڈوں پرایران کا حملہ؛ بیک وقت کئی محاذوں پرجوابی کارروائی، میزائل فائر

تہران: (کاوش جمیل نیوز) :ایران کے جوہری پروگرام کے خلاف اسرائیل اور امریکہ نے مشترکہ محاذ کھول دیا ہے۔ اس کے جواب میں ایران نے اسرائیل کے بعد امریکہ کے خلاف بھی جنگ کا اعلان کرتے ہوئے مشرقِ وسطیٰ میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایران نے خطے میں امریکہ کے 7 فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائل داغے، جس کے بعد امریکی تنصیبات میں کھلبلی مچ گئی ہے۔
ایران نے سعودی عرب، اردن، بحرین، کویت، قطر اور متحدہ عرب امارات میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو ہدف بنایا ہے۔ امریکی بحری اڈوں پر بھی حملوں کی اطلاعات ہیں۔ بحرین میں قائم امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ بحرین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے ایرانی میزائل حملے کی تصدیق کی ہے۔
اسرائیل اور امریکہ کے مشترکہ حملوں کے بعد ایران نے بیک وقت دونوں ممالک کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے، جس سے خطے میں جنگی صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔ مشرقِ وسطیٰ کے کئی ممالک میں امریکی فوجی اڈے قائم ہیں اور ایران نے انہی تنصیبات پر بھرپور حملے کیے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ایران نے یو اے ای کے ’’الظفرہ‘‘ فضائی اڈے کو نشانہ بنایا، جبکہ کویت میں امریکی اڈے پر بھی میزائل داغے گئے۔ سعودی عرب اور بحرین میں قائم اڈوں پر بھی حملوں کی اطلاعات ہیں۔ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد دوحہ کا فضائی اڈہ عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔
بحرین حکومت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ حملہ ہماری خودمختاری پر حملہ ہے اور ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ قطر میں حملے کے بعد شہریوں کے موبائل فون پر وارننگ الرٹس جاری کیے گئے اور عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی۔ قطر کی فضائی حدود بند کر دی گئی ہیں اور تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
کویت میں بھی دھماکوں کے بعد سائرن بجنے لگے۔ قطر کے ’’العبید‘‘ فضائی اڈے، کویت کے ’’السالم‘‘ اڈے اور یو اے ای کے ’’الظفرہ‘‘ اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں بحرین میں امریکی فوجی اڈوں پر بھی ایران کی جانب سے حملے جاری ہیں۔ خطے میں کشیدگی انتہائی سطح پر پہنچ چکی ہے اور صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے۔



