بالاپور میں آبرسانی کا نظام متاثر! مرکزی پمپ کی مرمت کے لیے جنگی پیمانے پر کوششیں جاری؛ اکولہ سے خصوصی فنی عملہ طلب، دو روز سے مسلسل مرمتی کام جاری؛ شہریوں سے پانی کفایت شعاری سے استعمال کرنے کی اپیل

بالاپور (ذاکر احمد) : بالاپور شہر کی آبرسانی اسکیم کے ہیڈ ورکس پر نصب مرکزی پمپ خراب ہوجانے کے باعث شہر میں پانی کی سربراہی کا نظام متاثر ہوگیا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر بلدیہ انتظامیہ کی جانب سے آبرسانی کو جلد از جلد بحال کرنے کے لیے جنگی پیمانے پر مرمتی کام شروع کردیا گیا ہے۔
مرکزی پمپ کی خرابی دور کرنے کے لیے اکولہ سے خصوصی فنی مرمتی ٹیم طلب کی گئی ہے۔ یہ ٹیم گزشتہ دو روز سے مسلسل مرمتی کام میں مصروف ہے اور پانی کی سربراہی کو معمول کے مطابق بحال کرنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔
دریں اثنا، مرمتی کام کے باعث شہر میں پانی کی سربراہی مقررہ وقت سے تاخیر سے ہونے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں بلدیہ انتظامیہ نے عوامی اطلاع جاری کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دستیاب پانی کا کفایت شعاری سے استعمال کریں، پانی ضائع کرنے سے گریز کریں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
جلد آبرسانی بحال ہونے کی امید، بلدیہ انتظامیہ کی یقین دہانی
بلدیہ انتظامیہ کے مطابق مرکزی پمپ کی مرمت کا کام مسلسل جاری ہے اور امید ہے کہ بہت جلد شہر میں پانی کی سربراہی بحال کردی جائے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کچھ وقت صبر و تحمل سے کام لیں اور پانی کی بچت کو اپنا قومی و سماجی فریضہ سمجھتے ہوئے انتظامیہ سے تعاون کریں۔



