مہاراشٹرکا 2026–27 کا بجٹ پیش؛ دیویندر فڈنویس کے بڑے اعلانات، کئی اشیاء سستی اورکئی مہنگی؛ پڑھیں تفصیلی رپورٹ

ممبئی: (کاوش جمیل نیوز) :مہاراشٹر کے وزیرِاعلیٰ اوروزیرِخزانہ دیویندر فڈنویس نے آج 6 مارچ 2026 کو مہاراشٹر کا بجٹ پیش کیا۔مہاراشٹر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ کسی وزیرِاعلیٰ نے خود ریاست کا بجٹ پیش کیا۔ خاص بات یہ ہے کہ اس بجٹ کی زیادہ تر تیاری پہلے نائب وزیرِاعلیٰ اجیت پوار نے کی تھی، لیکن ان کے حادثاتی انتقال کے بعد وزیرِاعلیٰ دیویندر فڑنویس نے اسمبلی میں یہ بجٹ پیش کیا۔ بجٹ پیش کرتے ہوئے دیویندر فڈنویس نے کہا کہ یہ بجٹ سال 2047 کے ترقیاتی ہدف کو سامنے رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے سماجی اور تاریخی شخصیات کے نام پر کئی پروگراموں اورمنصوبوں کا اعلان بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ مہاتما پھلے کی پیدائش کو 200 سال مکمل ہونے والے ہیں، اس موقع پر ایک کمیٹی قائم کی جائے گی اورمختلف پروگراموں کے لیے فنڈ فراہم کیا جائے گا۔ اسی طرح ڈاکٹربابا صاحب امبیڈکرکی صد سالہ تقریبات کے موقع پر رائے گڑھ میں بنیادی سہولیات کو بہتر بنایا جائے گا۔
فڈنویس نے کہا کہ ان کا دل آج بھاری ہے کیونکہ اجیت دادا پوار نے 11 مرتبہ مہاراشٹرکا بجٹ پیش کیا تھا اور ان کی سخت مزاجی کی وجہ سے مالی نظم و ضبط قائم رہا۔ ان کی یاد میں ایک شاندار یادگار (میموریل) تعمیر کی جائے گی اور ان کے نام سے ناگری ایوارڈ بھی شروع کیا جائے گا۔
بجٹ 2026–27 میں کیا سستا ہوا؟
ذیابیطس (شوگر) کے علاج سے متعلق سہولیات
کینسر کی ادویات
کھیلوں کا سامان
طبی آلات (Medical Equipment)
سولر پینل
بجٹ 2026–27 میں کیا مہنگا ہوا؟
شراب
سگریٹ
تمباکو سے بنی اشیاء
مہاراشٹر بجٹ 2026 کی 10 بڑی اعلانات
1. ترقی کا ہدف 2047
مہاتما پھلے کے 200 ویں یومِ پیدائش کے لیے خصوصی کمیٹی بنائی جائے گی۔ سنت گڈگے بابا تیرتھ سرکٹ کو بھی ترقی دی جائے گی۔ بابا صاحب امبیڈکر کے صد سالہ موقع پر رائے گڑھ میں بنیادی سہولیات تیار کی جائیں گی۔ بالاصاحب ٹھاکرے کے میموریل کا کام مکمل ہو چکا ہے۔
2. اجیت پوار کو خراجِ عقیدت
اجیت دادا پوار کی یاد میں بڑا میموریل بنایا جائے گا اور ان کے نام سے ایک ناگری ایوارڈ شروع کیا جائے گا۔
3. سڑک اور ٹرانسپورٹ منصوبے
مکھیا منتری گرام سڑک یوجنا کا تیسرا مرحلہ منظور کیا گیا۔ اب تک 30 ہزار دیہات کو سڑکوں سے جوڑا گیا ہے۔ 2450 کلومیٹر سڑکیں مکمل اور 23 ہزار پلوں پر کام جاری ہے۔ ممبئی–پونے تیز رفتار ٹرین کے لیے بھی فنڈ رکھا گیا ہے۔
4. کسانوں کے لیے اقدامات
گوپیناتھ منڈے حادثہ یوجنا میں زرعی مزدوروں کو شامل کیا جائے گا۔ کسانوں کو موسم اور بازار کی قیمتوں کی معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ چار زرعی یونیورسٹیوں میں AI کی مدد لی جا رہی ہے۔ Agristack یوجنا کے تحت اب تک 1 کروڑ 31 لاکھ کسانوں کے Farmer ID بن چکے ہیں۔
5. سرمایہ کاری اور روزگار
ریاست کی نئی سرمایہ کاری پالیسی کا اعلان کیا گیا۔ ہر ضلع میں چھوٹے اور درمیانی صنعتوں کے مراکز قائم کیے جائیں گے۔ اس سے تقریباً 50 لاکھ روزگار پیدا ہونے کا اندازہ ہے۔
6. ٹیکنالوجی اور گیمینگ انڈسٹری
ممبئی میں Indian Institute of Creative Technology شروع کیا گیا ہے۔ مہاراشٹر کو گیمینگ انڈسٹری میں عالمی سطح پر آگے لانے کے لیے 295 سے زیادہ گیمینگ اسٹوڈیوز قائم کیے جائیں گے۔
7. سیاحت کے منصوبے
ستارا ضلع کے واسوٹا قلعہ پر سیاحوں کے لیے روپ وے پروجیکٹ بنایا جائے گا۔ ناگپور کے رام ٹیک میں تیسری فلم سٹی تیار کی جائے گی۔
8. میٹرو اور ہائی وے منصوبے
ممبئی میں ایک اور زیرِ زمین میٹرو بنائی جائے گی۔ ریاست میں 1200 کلومیٹر میٹرو لائن اور 6000 کلومیٹر ایکسپریس وے تعمیر کیے جائیں گے۔ ورسووا–بھائندر ساحلی سڑک 2028 تک مکمل کی جائے گی۔
9. کسان قرض معافی
30 ستمبر 2025 تک جن کسانوں پر فصل قرض بقایا ہے انہیں 2 لاکھ روپے تک قرض معافی دی جائے گی۔ جو کسان باقاعدگی سے قرض واپس کرتے ہیں انہیں 50 ہزار روپے تک انعامی فائدہ دیا جائے گا۔
10. لاڈکی بہن یوجنا جاری رہے گی
مکھیہ منتری ماجھی لاڈکی بہن یوجنا جاری رکھی جائے گی اور اس کے لیے بجٹ میں مناسب فنڈ رکھا گیا ہے۔



