اکولہ ضلع میں بی جے پی کا غلبہ! چارمقامات پربی جے پی کی جیت ؛ بالاپورمیں کانگریس کی واپسی،سابق ایم ایل اے خطیب خاندان کے اثرکو دھچکا پہنچا،جبکہ بارسی ٹاکلی میں ونچیت کا پرچم

اکولہ: (کاوش جمیل نیوز) : ضلع اکولہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کا اثر برقرار رہا ہے اور چاربلدیاتی اداروں میں بی جے پی نے صدارت پر کامیابی حاصل کی ہے۔ بالاپور میں انڈین نیشنل کانگریس نے اپنی مضبوط موجودگی قائم رکھی، جبکہ بارسی ٹاکلی نگرپنچایت میں ونچیت بہوجن اگھاڑی نے پرچم لہرایا۔ اس کے برعکس شیوسینا (شندے گروپ)، شیوسینا (ٹھاکرے گروپ) اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (اجیت پوار گروپ) و نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار گروپ) کو خاطرخواہ کامیابی نہیں مل سکی۔ مرتضیٰ پور میں ونچیت نے بی جے پی کو سخت مقابلہ دیا، تاہم آخری مرحلے میں بی جے پی نے فتح حاصل کرلی۔
ہیورکھیڑ میونسپل کونسل میں بی جے پی کی سلَبھا دُتوںڈے کامیاب ہوئیں۔ انہوں نے شو بھا گھونگڑ کو 1,241 ووٹوں سے شکست دی۔ 20 اراکین میں سے 11 بی جے پی، 5 شیوسینا، 2 کانگریس جبکہ ونچیت اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کو ایک ایک نشست ملی۔
بارسی ٹاکلی میں نگر پنچایت کے قیام کے بعد پہلی ہی انتخابی معرکے میں ونچیت کو کامیابی ملی۔ ونچت بہوجن اگھاڑی کی اختر خاتون علیم الدین نے صدارت جیتی۔ یہاں کل 17 اراکین میں بی جے پی، کانگریس اور ونچیت کے تین تین، این سی پی کے دو، اے آئی ایم آئی ایم کا ایک اور پانچ آزاد امیدوار منتخب ہوئے۔
تلہارا میونسپل کونسل میں بی جے پی کی ویشالی پالیوال نے شیوسینا (ٹھاکرے گروپ) کی شیوانی تھاٹے کو 1,242 ووٹوں سے ہرایا۔ 20 نشستوں میں سے 13 پر بی جے پی، چار پر کسان تنظیم و ونچیت اور تین پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔
اکوٹ میونسپل الیکشن میں بی جے پی اوراے آئی ایم آئی ایم کے درمیان سخت مقابلہ رہا۔ صدارت پر بی جے پی کی مایا دھولے کامیاب ہوئیں، جنہوں نے اے آئی ایم آئی ایم کے سید فیروزہ بی شریف کو 5,271 ووٹوں سے شکست دی۔ اکوٹ میں 35 کونسلر نشستوں میں بی جے پی 11، کانگریس 4، شیوسینا 1، ونچیت 2، این سی پی 5، اے آئی ایم آئی ایم 6، شیوسینا (ٹھاکرے) 2، این سی پی (شرد پوار) 1 اور پرہار جن شکتی پارٹی کو 3 نشستیں ملیں۔
مرتضیٰ پور میں کانٹے کے مقابلے میں بی جے پی نے ونچیت کو شکست دی۔ ابتدائی 11 راؤنڈز میں ونچیت آگے رہی، مگر 12ویں راؤنڈ میں فیصلہ کن برتری کے ساتھ بی جے پی نے بازی مار لی۔ بی جے پی کے ہرشل سابلے کو 8,821 جبکہ ونچیت کے شیخ عمران کو 8,103 ووٹ ملے؛ 718 ووٹوں سے بی جے پی کامیاب رہی۔ 25 نشستوں میں بی جے پی 11، شیوسینا 2، ونچیت 6، این سی پی (شرد پوار) 2 اور 4 آزاد امیدوار منتخب ہوئے۔
بالاپور میونسپل کونسل میں کانگریس کی آفرین پروین محمد جمیل نے ونچت بہوجن اگھاڑی کی حمایت یافتہ نگر وکاس پارٹی کی خطیب رضیہ بیگم کو 1,927 ووٹوں سے ہرایا۔ اس جیت سے سابق ایم ایل اے خطیب خاندان کے اثر کو دھچکا پہنچا۔ یہاں نگر وکاس پارٹی کے 10، کانگریس کے 9، شیوسینا (ٹھاکرے) کے 4، بی جے پی کا 1 اور ایک آزاد کونسلر منتخب ہوا۔



