دوسال بعد پیدائش و اموات کا اندراج اب عدالتی مجسٹریٹ کی تصدیق سے! دو سال سے زیادہ تاخیر – فرسٹ کلاس جوڈیشل مجسٹریٹ کی تصدیق لازمی؛ پیدائش و اموات رجسٹریشن (ترمیمی) ایکٹ 2026 میں اہم تبدیلی؛ تاخیر سے رجسٹریشن کا عمل مزید سخت!

بالاپور: (ذاکر احمد) :نئی دہلی پیدائش اور اموات کی رجسٹریشن کے نظام میں مرکزی حکومت نے اہم تبدیلی کی گنجائش پیدا کی ہے۔ پیدائش و اموات رجسٹریشن (ترمیمی) ایکٹ 2026 کے تحت مقررہ مدت گزرنے کے بعد پیدائش یا موت کی اطلاع درج کرانے کے لیے تصدیق کا عمل مزید سخت کیا گیا ہے۔
نئی ترمیم کے مطابق اگر کسی پیدائش یا موت کی اطلاع ایک سال گزرنے کے بعد لیکن دو سال کے اندر رجسٹرار کو دی جاتی ہے تو اس کا اندراج براہِ راست نہیں کیا جا سکے گا۔ ایسے معاملے میں پیدائش یا موت کی حقیقت کی تصدیق ضلع مجسٹریٹ، سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) یا ضلع مجسٹریٹ کی جانب سے مجاز قرار دیے گئے ایگزیکٹو مجسٹریٹ کے ذریعے کرنا ضروری ہوگا۔ اس کے بعد مقررہ فیس ادا کرنے پر ہی رجسٹریشن کی جا سکے گی۔
دو سال سے زیادہ پرانے معاملے میں عدالتی تصدیق لازمی
ترمیم کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ اگر پیدائش یا موت کی اطلاع دو سال گزرنے کے بعد دی جاتی ہے تو اس کی رجسٹریشن صرف فرسٹ کلاس جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے تصدیق کے بعد ہی ممکن ہوگی۔
متعلقہ جوڈیشل مجسٹریٹ کا اس علاقے پر دائرۂ اختیار ہونا ضروری ہوگا جہاں پیدائش یا موت واقع ہوئی ہو۔ پیدائش یا موت کی حقیقت کی تصدیق اور مقررہ فیس کی ادائیگی کے بعد ہی اندراج کیا جا سکے گا۔
جعلی رجسٹریشن پر لگے گی روک
حکومت کی جانب سے اس ترمیم کا مقصد تاخیر سے ہونے والی پیدائش و اموات کی رجسٹریشن میں تصدیق کے نظام کو مضبوط بنانا اور غلط یا جعلی دستاویزات کی بنیاد پر ہونے والے اندراجات کی روک تھام کرنا ہے۔ خاص طور پر دو سال سے زیادہ پرانے معاملات میں عدالتی تصدیق کو لازمی قرار دینے سے رجسٹریشن کا عمل مزید شفاف ہونے کی توقع ہے۔
ترمیم میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ایگزیکٹو مجسٹریٹ سے مراد بھارتی شہری تحفظ سنہتا، 2023 کی دفعہ 14 کی ذیلی دفعہ (1) کے تحت مقرر کیا گیا ایگزیکٹو مجسٹریٹ ہوگا۔
سرکاری گزٹ میں نوٹیفکیشن کے بعد قانون نافذ ہوگا
اس قانون کو ’پیدائش و اموات رجسٹریشن (ترمیمی) ایکٹ، 2026‘ کہا جائے گا۔ یہ قانون اس تاریخ سے نافذ ہوگا جس کا اعلان مرکزی حکومت سرکاری گزٹ میں نوٹیفکیشن کے ذریعے کرے گی۔
اہم تبدیلی:
ایک سے دو سال کے اندر تاخیر – ضلع مجسٹریٹ/ایس ڈی ایم/مجاز ایگزیکٹو مجسٹریٹ کی تصدیق ضروری۔
دو سال سے زیادہ تاخیر – فرسٹ کلاس جوڈیشل مجسٹریٹ کی تصدیق لازمی۔




