مہاراشٹراُردو پترکار سنگھ کی رائے دہندگان سے میونسپل انتخابات میں صاف و شفاف ووٹنگ کو یقینی بنانے کی پُرزوراپیل

اورنگ آباد: (کاوشِ جمیل نیوز) :مہاراشٹر میں 15 جنوری کو منعقد ہونے والے میونسپل کارپوریشن انتخابات کے پیشِ نظر مہاراشٹر اردو پترکار سنگھ کی جانب سے رائے دہندگان سے جمہوری ذمہ داری نبھاتے ہوئے صاف، شفاف اور بے خوف ہو کر حقِ رائے دہی استعمال کرنے کی پُرزور اپیل کی گئی ہے۔
مہاراشٹر اردو پترکار سنگھ کے بانی و ریاستی صدر جناب جمیل احمد شیخ اور ریاست کے تمام عہدیداران کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات جمہوریت کی بنیاد ہوتے ہیں اور شہری ترقی کا دار و مدار عوام کے درست فیصلے پر ہوتا ہے۔ اس لیے ہر رائے دہندہ پر لازم ہے کہ وہ کسی دباؤ، لالچ یا خوف کے بغیر اپنے ضمیر کی آواز پر ووٹ ڈالے۔
اس اپیل میں شامل معزز ذمہ داران کے نام درج ذیل ہیں:
جاوید پاشا صاحب (بیڑ)، قاری ضیاء الرحمٰن فاروقی (اورنگ آباد)، رحمت ندوی (امراوتی)، ڈاکٹر ذاکر نعمانی (اکولہ)، عبدالوہاب ممبئی، فرحان امین (پاتور، اکولہ)، ایڈووکیٹ محمد ریحان (پاتور، اکولہ)، ایم ایم سلیم (لاتور) اور سید فاروق احمد (اورنگ آباد)۔
مہاراشٹر اردو پترکارسنگھ کے عہدیداران نے کہا کہ ووٹ دینا صرف حق نہیں بلکہ ایک مقدس امانت ہے۔ رائے دہندگان کو چاہیے کہ وہ اپنے شہر کی صفائی، پانی، صحت، تعلیم، سڑکوں اور بنیادی سہولتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اہل، ایماندار اورعوام دوست امیدوار کا انتخاب کریں تاکہ میونسپل کارپوریشن میں ایسے نمائندے پہنچیں جو دیانتداری سے عوام کی خدمت کر سکیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ مہاراشٹراردو پترکارسنگھ ہمیشہ جمہوری اقدار کے فروغ اور عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے سرگرم رہا ہے اور آئندہ بھی یہ مشن جاری رکھے گا۔ سنگھ نے تمام رائے دہندگان سے اپیل کی ہے کہ وہ کل 15 جنوری کو بڑی تعداد میں پولنگ مراکز پہنچیں اور جمہوریت کو مضبوط بنانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
آخر میں جناب جمیل احمد شیخ اور تمام ریاستی عہدیداران نے یقین ظاہر کیا کہ مہاراشٹر کے باشعور شہری ضرور اپنے حقِ رائے دہی کا درست استعمال کریں گے اور ایک بہتر، شفاف اور مضبوط بلدیاتی نظام کی تشکیل میں حصہ لیں گے۔



