مہاراشٹر

انجن گاؤں سورجی کے اردو میڈیم سے پہلے ایم۔ڈی (پیڈیاٹرکس) بننے والے ڈاکٹر دانش قریشی، آل مہاراشٹرمیں چوتھا مقام

انجن گاؤں سورجی: شہر کے لیے یہ نہایت فخر و اعزاز کی بات ہے کہ انجنگاؤں سورجی کی معزز و محترم شخصیت الحاج منان سیٹھ قریشی اور مرحوم چودھری عبدالغفار سیٹھ کے خاندان کے نایاب کوہِ نور ڈاکٹر محمد دانش محمد ادریس قریشی نے ایم۔ڈی (پیڈیاٹرکس) کے امتحان میں آل مہاراشٹر چوتھی رینک (All Maharashtra 4th Rank) حاصل کرتے ہوئے ایک تاریخی کامیابی اپنے نام کی ہے۔
ڈاکٹر دانش قریشی انجنگاؤں سورجی کی تاریخ میں اردو میڈیم سے ایم۔بی۔بی۔ایس کرنے والے پہلے طالب علم ہونے کے ساتھ ساتھ پہلے ایم۔ڈی (پیڈیاٹرکس) بننے کا اعزاز بھی حاصل کرنے والے پہلے معالج ہیں۔ ان کی یہ نمایاں کامیابی بالخصوص اردو میڈیم کے طلبہ کے لیے حوصلہ افزا اور نئی راہیں دکھانے والی ثابت ہو رہی ہے۔
ڈاکٹر دانش قریشی کا تعلیمی سفر نہایت متاثر کن اور مثالی رہا ہے۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم نگر پریشد پرائمری اسکول نمبر 5، انجنگاؤں سورجی سے حاصل کی۔ اس کے بعد این۔پی۔ اردو ہائی اسکول، انجنگاؤں سورجی سے ہائی اسکول کی تعلیم اور سیفی جونیئر کالج، امراوتی سے جونیئر کالج کی تعلیم اردو میڈیم میں مکمل کی۔
اعلیٰ تعلیم کے لیے انہوں نے ممبئی کے لوک مانیا تلک گورنمنٹ میڈیکل کالج سے ایم۔بی۔بی۔ایس کی ڈگری حاصل کی اور بعد ازاں ٹوپی والا نائر میڈیکل کالج، ممبئی سے ایم۔ڈی (پیڈیاٹرکس) کی تکمیل کی۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ ڈاکٹر دانش قریشی اس وقت ڈی۔ایم (سپر اسپیشیلٹی) کی تیاری میں بھی مصروف ہیں، جو ان کی مسلسل محنت، بلند حوصلے اور اعلیٰ اہداف کی عکاسی کرتی ہے۔ ان کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کر کے بھی طب کے میدان میں اعلیٰ ترین مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔
شہر کے معززین، اساتذہ اور خیرخواہوں نے ڈاکٹر دانش قریشی کی اس شاندار کامیابی کو پورے انجنگاؤں سورجی کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اردو میڈیم کے طلبہ کے لیے ایک مثالی رول ماڈل بن کر ابھرے ہیں۔ سبھی نے ان کے روشن مستقبل اور شعبۂ طب میں مزید بلندیوں کی دعا کی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!