اورنگ آباد: پربھاگ نمبر 28 میں 18 جنوری کو AIMIM کی شاندار جیت کا ہوا جشن، کارکنوں میں زبردست جوش و خروش

اورنگ آباد (کاوشِ جمیل نیوز) :اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن انتخابات میں پربھاگ نمبر 28 سے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (AIMIM) نے شاندار اور تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ AIMIM کے چاروں امیدوار پورے پینل کے ساتھ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے ہیں، جس سے پربھاگ نمبر 28 میں پارٹی نے اپنی مضبوط موجودگی ثابت کر دی ہے۔
پربھاگ نمبر 28 سے AIMIM کے کامیاب امیدوار سنیتا منوج واہول (پربھاگ 28-A)، نسیم بیگم (مدثر انصاری) (پربھاگ 28-B)، متین خان (پربھاگ 28-C) اور صابر پٹیل (پربھاگ 28-D) نے عوام کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے اپنے مخالفین کو کراری شکست دی ہے۔ چاروں امیدواروں کی اس اجتماعی کامیابی کو AIMIM کے لیے ایک بڑی سیاسی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
اس تاریخی کامیابی کے بعد 18 جنوری 2026 کو پربھاگ نمبر 28 میں شاندار فتحی جلوس نکالا گیا۔ جلوس کے دوران AIMIM کے کارکنوں اور حامیوں نے پورے جوش، جذبے اور نظم و ضبط کے ساتھ جیت کا جشن منایا۔ ڈھول، نعروں اور پارٹی پرچموں کے ساتھ نکالے گئے اس جلوس نے پورے پربھاگ کو جشن کے رنگ میں رنگ دیا۔
فتحی جلوس میں AIMIM کے کارکنوں نے پارٹی کے حق میں نعرے لگائے اور اپنی یکجہتی اور تنظیمی طاقت کا مظاہرہ کیا۔ عام شہریوں نے بھی کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کی۔ یہ فتحی جلوس پربھاگ نمبر 28 کی سیاسی تاریخ کا ایک اہم اور یادگار لمحہ مانا جا رہا ہے۔
یہ انتخاب AIMIM کے ریاستی صدر اور سابق رکنِ پارلیمان سید امتیاز جلیل کی قیادت اور حکمتِ عملی کے تحت لڑا گیا، جسے پارٹی کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق یہ کامیابی عوامی مسائل، زمینی حقائق اور مضبوط تنظیمی ڈھانچے کا نتیجہ ہے۔
کامیاب امیدواروں نے اس موقع پرعوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ بغیر کسی بھید بھائو کے صفائی، پینے کے پانی، سڑکوں، نکاسیٔ آب، صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولتوں کی بہتری کے لیے پوری ایمانداری سے کام کریں گے اور پربھاگ نمبر 28 کو ترقی کی نئی سمت دیں گے۔
سیاسی تجزیہ نگاروں کا ماننا ہے کہ پربھاگ نمبر 28 میں AIMIM کی یہ مکمل پینل جیت نہ صرف پارٹی کی مضبوطی کو ظاہر کرتی ہے بلکہ اورنگ آباد کی سیاست میں ایک واضح اور مضبوط پیغام بھی دیتی ہے۔ اس کامیابی کے دور رس اثرات آنے والے وقت میں شہر کی سیاست پر صاف طور پر محسوس کیے جائیں گے۔



