مہاراشٹر

رمضان المبارک کی آمد سے قبل شہریوں کو ہوشیار رہنے کی اپیل!

بالاپور: (ذاکراحمد) :رمضان المبارک کی بابرکت ساعتیں قریب آتے ہی جہاں عبادات، خیرات اور صدقات کا جذبہ بڑھ جاتا ہے، وہیں بعض شرپسند عناصر اس مقدس مہینے کا ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ شہر و دیہات میں ایسے افراد سرگرم نظر آ رہے ہیں جو فقیر، سفیرِ مسجد و مدرسہ یا دین دار کے بھیس میں چندہ اور بھیک مانگ رہے ہیں، جبکہ حقیقت میں ان کا دین و ملت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔
مقامی باشعور شہریوں اور ذمہ داران کے مطابق کچھ لوگ داڑھی، جبہ اور عورتیں برقعہ پہن کر مسلمانوں کا حلیہ اختیار کرتے ہیں اور مساجد و مدارس کے نام پر چندہ اکٹھا کرتے ہیں۔ بعض اوقات ان کی حرکات و سکنات ایسی ہوتی ہیں جس سے نہ صرف اسلام بلکہ پوری مسلم برادری کی بدنامی ہوتی ہے۔ ایسے افراد میں بعض غیر مسلم، شرابی، چور اور بدکردار عناصر بھی شامل بتائے جا رہے ہیں، جو سادہ لوح عوام کو دھوکہ دے کر مالی فائدہ اٹھاتے ہیں۔
اہم اپیل:
شہریوں سے گزارش ہے کہ چندہ یا بھیک دینے سے قبل متعلقہ فرد کی مکمل شناخت کی تصدیق ضرور کریں۔ حتیٰ کہ ان کا آدھار کارڈ دیکھیں اور دینی معلومات جانچنے کے لیے سورۂ فاتحہ یا کلمہ پڑھنے کو کہیں۔ اگر وہ درست جواب نہ دے سکیں تو انہیں کسی قسم کی رقم یا امداد ہرگز نہ دیں، کیونکہ ایسے افراد کو دینے سے نہ زکوٰۃ ادا ہوتی ہے اور نہ ہی صدقۂ فطر۔
علمائے کرام، ائمہ مساجد اور محلہ ذمہ داران سے خصوصی درخواست ہے کہ وہ اپنے خطبات، دروس اور عوامی ملاقاتوں کے ذریعے قوم کو اس خطرے سے باخبر کریں، اپنے اپنے علاقوں میں بیداری مہم چلائیں اور اس پیغام کو زیادہ سے زیادہ شیئر کریں تاکہ معاشرہ دھوکہ دہی سے محفوظ رہ سکے۔
عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہوشیاری اور سمجھداری کا مظاہرہ کریں، مستحقین تک ہی اپنی زکوٰۃ، صدقات اور خیرات پہنچائیں، تاکہ رمضان المبارک کی برکتیں حقیقی مستحقین تک پہنچ سکیں اور معاشرے میں اعتماد و امن قائم رہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!