ضلع پرشد اردواسکول نسوان پاتھری کی ڈیجیٹل تعلیم کی جانب نئی اڑان؛ شاندار ثقافتی پروگرام جوش و خروش کے ساتھ اختتام پذیر

پاتھری: یہاں کے ضلع پرشد اردو اسکول نسوان پاتھری میں 14 فروری کو دو اہم پروگراموں کا انعقاد بڑے ہی پرجوش ماحول میں کیا گیا۔ جدید آئی سی ٹی (ICT) کمپیوٹر لیب کا افتتاح اور طالبات کی فنکارانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے والے ایک شاندار ثقافتی پروگرام کی وجہ سے اسکول کے احاطے میں خوشی کا ماحول رہا۔
پروگرام کے آغاز میں کارپوریٹر جناب مجیب عالم کے ہاتھوں تمام جدید سہولیات سے لیس کمپیوٹر لیب کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس کمپیوٹر لیب کی وجہ سے طالبات کو ڈیجیٹل تعلیم کی ایک نئی سمت ملے گی اور وہ ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی اعتماد کے ساتھ آگے بڑھیں گی، ایسی امید وہاں موجود معزز مہمانوں نے ظاہر کی۔
اس موقع پر بلاک ایجوکیشن آفیسر (BEO) جناب مکیش راٹھوڑ صاحب نے طالبات کی رہنمائی کرتے ہوئے اسکول کی ترقی کی ستائش کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آنے والے نئے تعلیمی سال سے اسکول میں نویں جماعت شروع کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ مہمانِ خصوصی کارپوریٹر جناب حسیب خان نے اپنی تقریر میں کمپیوٹر کی تعلیم کی اہمیت واضح کرتے ہوئے کہا کہ لڑکیوں کو ٹیکنالوجی کے میدان میں پیچھے نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے والدین سے یہ اپیل بھی کی کہ وہ حکومت کی ‘کو-ایجوکیشن’ پالیسی کے تحت اپنے بچوں کے داخلے اس اسکول میں کروائیں۔
بطور خاص رہنما، پی ایم شری اسکول کے ہیڈ ماسٹر جناب صدیقی جمیل سر موجود تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ اسکول مینجمنٹ کمیٹی کی صدر محترمہ ریشما خانم، نائب صدر جناب رضی الدین انصاری، ممبر جناب رئیس شیخ، جناب عبدالعزیز اور دیگر ممبران بھی موجود رہے۔ ثقافتی پروگرام میں طالبات نے رقص، گیت، ڈرامے وغیرہ پیش کر کے حاضرین کے دل جیت لیے۔
پروگرام کی نظامت جناب سید سبیل سر اور جناب عبدالباسط سر نے مؤثر طریقے سے انجام دی۔ جناب خواجہ سر نے پروگرام کا اختتام کرتے ہوئے تمام معززین اور والدین کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر اسکول کے صدر مدرس جناب سید مجیب الدین سید حسن الدین ، پروگرام کے منتظم اور سینئر گائیڈ جناب فہیم سر، جناب جاوید سر، جناب سمیع الدین سر، جناب فصیح الدین سر، جناب عبدالرحمن سر، جناب ابرار خان، جناب عبدالرؤف سر، محترمہ نائلہ صدف میڈم، محترمہ نادرہ تبسم میڈم، محترمہ ہمیرا بیگم میڈم کے ساتھ ساتھ تمام اساتذہ اور والدین بڑی تعداد میں موجود تھے۔
سب کے تعاون سے یہ پروگرام کامیابی اور جوش و خروش کے ساتھ مکمل ہوا۔ ڈیجیٹل تعلیم کی سمت میں اٹھایا گیا یہ قدم اسکول کی ترقی کے لیے یقیناً ایک میل کا پتھر ثابت ہوگا۔


