اکولہ دوبارہ درجۂ حرارت میں سرفہرست؛ 43.8 ڈگری سیلسیس کے ساتھ ریاست میں سب سے زیادہ گرمی ریکارڈ!

اکولہ : (ذاکر احمد شیخ) :ودربھ سمیت ریاست کے کئی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے اور اکولہ شہر نے ایک بار پھر درجۂ حرارت کے معاملے میں ریاست میں سبقت حاصل کر لی ہے۔ پیر کے روز اکولہ میں درجۂ حرارت 43.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو کہ ریاست کا سب سے زیادہ درجۂ حرارت ثابت ہوا۔ اس کے باعث شہریوں کو سخت گرمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دریں اثنا، ودربھ کے دیگر اضلاع میں بھی گرمی کی شدت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ امراوتی اور یوتمال میں 43.2 ڈگری سیلسیس، وردھا میں 43.1 ڈگری سیلسیس، جبکہ واشم میں 42.6 ڈگری سیلسیس درجۂ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح سولاپور میں 42.5، پربھنی میں 42.2، جلگاؤں میں 42.1، جبکہ گڈچرولی اور مالیگاؤں میں 42 ڈگری سیلسیس درجۂ حرارت درج کیا گیا۔
اس کے علاوہ جیور (بلڈھانہ) میں 41.5 ڈگری سیلسیس، چندرپور اور ناگپور میں 41.4، سمبھاجی نگر اور برہم پوری میں 41.2، بھنڈارا میں 41، جبکہ بیڑ میں 40.7 ڈگری سیلسیس درجۂ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ ریاست کے بیشتر اضلاع میں درجۂ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز کر جانے کے باعث گرمی کی لہر مزید شدید ہوتی جا رہی ہے۔
بڑھتی ہوئی گرمی کے سبب دوپہر کے اوقات میں سڑکوں پر لوگوں کی آمد و رفت کم نظر آ رہی ہے۔ ماہرینِ صحت نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دوپہر 12 سے 4 بجے کے درمیان غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی پئیں، ہلکی غذا استعمال کریں اور سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں تک ودربھ میں گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے اور درجۂ حرارت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس لیے انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گرمی سے بچاؤ کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔




