بالاپور:علی پبلک اسکول میں اسپورٹس ویک کا شاندار آغاز! مشعل ریلے اور شاندار مارچ پاسٹ نے طلبہ کی نظم و ضبط اور کھیل کے جذبے کو نمایاں کیا؛ کھیلوں کے تئیں جوش، اتحاد اور ٹیم اسپرٹ کا پیغام؛ دونوں دن معزز مہمانوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی

بالاپور: (ذاکر احمد) : 26 نومبر 2026ء: علی پبلک اسکول، بالاپور میں 25 نومبر سے اسپورٹس ویک کا پُرجوش اور شاندار آغاز عمل میں آیا۔ طلبہ کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، ان میں کھیلوں کے تئیں دلچسپی پیدا کرنے اور نظم و ضبط، خود اعتمادی اور ٹیم اسپرٹ کو فروغ دینے کے مقصد سے منعقدہ اس کھیلوں کے ہفتے میں طلبہ بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔
اسپورٹس ویک کے پہلے دن مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے توسیع افسر بالاپور جناب اروند جادھو، جناب توشار کسلی، پولیس سب انسپکٹر جناب شرد سندانے اور سید محسن علی موجود تھے۔
جبکہ دوسرے دن خصوصی مہمانوں کی حیثیت سے جناب رضوان خان، جناب محمد سجاد، جناب عمران خان، جناب ذاکر احمد شیخ کے علاوہ اسکول انتظامیہ کے تمام عہدیداران نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب میں طلبہ کی جانب سے پیش کی گئی مشعل ریلے نے پروگرام کو ایک خاص وقار اور دلکشی عطا کی۔ اس کے بعد طلبہ نے نہایت منظم اور شاندار مارچ پاسٹ پیش کرتے ہوئے نظم و ضبط، اتحاد اور کھیل کے جذبے کا بہترین مظاہرہ کیا۔ طلبہ کی اس متاثرکن پیشکش نے حاضرین کے دل جیت لیے اور اسکول کے ماحول کو کھیلوں کے جوش سے بھر دیا۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی جناب اروند جادھو نے طلبہ کی رہنمائی کرتے ہوئے تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے جسمانی صحت، نظم و ضبط، باقاعدہ ورزش اور ٹیم اسپرٹ کو طلبہ کی شخصیت سازی کے لیے نہایت ضروری قرار دیا۔
دونوں دن موجود معزز مہمانوں نے علی پبلک اسکول کی تعلیمی سرگرمیوں اور طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ اسپورٹس ویک کے شاندار انعقاد پر اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تقریب کے اختتام پر اسکول کی ثقافتی کمیٹی کی جانب سے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا گیا۔
مختلف کھیلوں کے مقابلوں سے طلبہ میں جوش و خروش
اسپورٹس ویک کے تحت طلبہ کے لیے کرکٹ، کھو کھو، بیڈمنٹن، کبڈی، دوڑ، لیموں چمچ ریس، میوزیکل چیئر، کتاب کا توازن برقرار رکھنے سمیت مختلف دلچسپ اور تفریحی کھیلوں کے مقابلوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
ان مقابلوں میں طلبہ کی پُرجوش شرکت دیکھنے کو مل رہی ہے۔ پورا اسکول کھیلوں کے جذبے، خوشی اور مسرت سے سرشار ہے۔
اس پورے پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے اسکول کے اسپورٹس ٹیچر جناب ارباز خان کی قیادت میں تمام اساتذہ اور معلمات بھرپور محنت کر رہے ہیں۔ طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے، ان میں خود اعتمادی پیدا کرنے اور کھیلوں کے تئیں دلچسپی بڑھانے میں اساتذہ کا کردار قابلِ ستائش ہے۔
علی پبلک اسکول، بالاپور تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کود، نظم و ضبط اور طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کو بھی خصوصی اہمیت دے رہا ہے۔ معیاری تعلیمی اور غیر نصابی سرگرمیوں کے باعث اسکول نے علاقے میں اپنی ایک منفرد شناخت قائم کی ہے۔ اسکول کی اس مثبت پیش رفت کا اثر طلبہ کے جوش و خروش کے ساتھ ساتھ والدین کے بڑھتے ہوئے اعتماد میں بھی نمایاں طور پر نظر آ رہا ہے۔




