اکولہ میں وحدتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام “دعوتِ توحید اور حقوقِ انسانی” پر شاندار عوامی خطاب کا انعقاد

اکولہ : (ذاکر احمد) :وحدتِ اسلامی ہند کی مرکزی مہم کے تحت بروز پیر 25 مئی 2026 کو نمازِ عشاء کے بعد مؤمن پورہ مسجد، اکولا میں ایک عظیم الشان عوامی خطاب اور فکری نشست کا انعقاد عمل میں آیا۔ پروگرام کا مرکزی موضوع “دعوتِ توحید اور حقوقِ انسانی” تھا، جس میں شہر اور اطراف کے علاقوں سے بڑی تعداد میں عوام، نوجوانوں، بزرگوں اور معزز شخصیات نے شرکت کرکے پروگرام کو کامیاب بنایا۔
پروگرام کا آغاز حافظ و قاری حسّان خان صاحب کی پُرسوز اور دلنشیں تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس نے حاضرین کے دلوں کو روحانی کیفیت سے معمور کردیا۔ اس کے بعد ڈاکٹر عبدالعلیم صاحب نے اپنے منفرد انداز میں ایک بہترین اسلامی ترانہ پیش کیا، جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا۔
اس موقع پر اورنگ آباد سے تشریف لائے وحدتِ اسلامی مشرقی مہاراشٹر کے نقیب اور معروف مقرر محترم ابرار عارف صاحب نے نہایت مدلل، مؤثر اور فکرانگیز خطاب فرمایا۔ انہوں نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سیرتِ طیبہ کی روشنی میں عقیدۂ توحید کی اہمیت، اس کے آفاقی پیغام اور موجودہ دور میں اس کی ضرورت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے اپنے خطاب میں نبی کریم ﷺ کے تاریخی خطبۂ حجۃ الوداع کا حوالہ دیتے ہوئے انسانی حقوق کے موضوع پر جامع گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے چودہ سو سال قبل ہی رنگ، نسل، ذات پات اور امتیاز کے تمام تصورات کو ختم کرتے ہوئے انسانیت کے احترام، مساوات اور حقوق کا ایسا عظیم منشور پیش کیا، جس کی مثال تاریخِ عالم میں نہیں ملتی۔
پروگرام کی بہترین نظامت جناب عمان الرحمٰن خان صاحب نے انجام دی، جبکہ حاضرین نے مقررین کے خطاب کو نہایت توجہ اور دلچسپی سے سنا۔ روحانی، فکری اور سماجی اعتبار سے یہ پروگرام انتہائی کامیاب اور مؤثر ثابت ہوا۔




