مہاراشٹر

آپ خود مٹن کا کاروبار کرتے ہیں اور ہمیں نصیحت دیتے ہیں؟” بقرعید پر حاجی عرفات شیخ کا نتیش رانے پر سخت حملہ؛ پڑھیں تفصیلی رپورٹ

ممبئی: (کاوش جمیل نیوز) :بقرعید کے حوالے سے دیے گئے بیان پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اندر ہی اختلافات سامنے آنے لگے ہیں۔ ممبئی کے بی جے پی رہنما حاجی عرفات شیخ نے وزیر نتیش رانے کے بیان پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بقرعید جیسے مذہبی تہوار پر اس قسم کے بیانات دینے کے بجائے اپنے مٹن کے کاروبار پر توجہ دینی چاہیے۔
حاجی عرفات شیخ نے نتیش رانے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اپنا بھی مٹن کا کاروبار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نارائن رانے مٹن کے کاروبار سے وابستہ رہے ہیں اور اسی پس منظر سے ترقی کرتے ہوئے وزیر، وزیرِ اعلیٰ اور بعد ازاں مرکزی سطح پر اہم عہدوں تک پہنچے۔ شیخ نے کہا کہ نارائن رانے کو بکری پالنے والوں اور اس کاروبار سے وابستہ افراد کے مسائل کا بخوبی علم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیمبور میں رانے خاندان کے ہوٹل میں بھی گوشت سے تیار کردہ مختلف پکوان دستیاب ہیں، اس لیے نتیش رانے کو دوسروں پر تنقید کرنے کے بجائے اپنے کاروبار اور ہوٹل کی جانب توجہ دینی چاہیے۔
کاغذ سے متعلق بیان پر طنز کرتے ہوئے حاجی عرفات شیخ نے کہا، ’’اگر نتیش رانے اتوار کے دن مٹن کھاتے ہیں تو ایک بار مٹن کے بجائے کاغذ کھا کر بھی دیکھیں، پھر معلوم ہوگا کہ اس کا ذائقہ کیسا ہوتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ رانے اپنے ہی ہوٹل میں کاغذ سے بنی کوئی ڈش آزما کر دیکھیں۔
شیخ نے کہا کہ نتیش رانے ماہی گیری (فشریز) کے وزیر ہیں، لہٰذا انہیں ایسے بیانات دینے کے بجائے عوام اور کاروباری طبقے کا ساتھ دینا چاہیے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بقرعید کے موقع پر سڑکوں پر بکریوں کی گاڑیاں روکی جا رہی ہیں، جس کی وجہ سے ہندو کھاٹک برادری، دھنگر سماج، مسلم اور قریشی برادری سمیت کئی طبقات پریشان ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ایک وزیر ہی اس طرح کے بیانات دے تو متاثرہ طبقات یہ سوال اٹھاتے ہیں کہ پھر ان کے حق میں آواز کون بلند کرے گا۔
حاجی عرفات شیخ نے کہا، ’’آپ اپنی دکان اور ہوٹل سے سال بھر اچھی آمدنی حاصل کرتے ہیں، لہٰذا ہمارے روزگار اور روزی روٹی کا بھی خیال رکھیں۔‘‘ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چونکہ نتیش رانے خود اس شعبے سے وابستہ ہیں، اس لیے انہیں اس کاروبار سے جڑے لوگوں کے مفادات کا بھی تحفظ کرنا چاہیے۔
انہوں نے نتیش رانے کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے والد نارائن رانے کے تجربات اور رہنمائی سے سبق حاصل کریں اور بڑے عہدے پر فائز ہونے کے بعد اس قسم کے متنازع بیانات سے گریز کریں۔
آخر میں حاجی عرفات شیخ نے نتیش رانے کو بقرعید کے موقع پر اپنے گھر دعوتِ طعام کی پیشکش بھی کی اور طنزیہ انداز میں کہا کہ ’’حاجی عارفات شیخ آپ کو کاغذی نہیں بلکہ اصلی بکرے کا گوشت کھلائیں گے۔‘‘

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!