ممبئی سمیت 29 میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات کا اعلان، 15 جنوری کو ووٹنگ، 16 جنوری کو نتائج

ممبئی: (کاوش جمیل نیوز) :ریاستی الیکشن کمیشن نے آج ایک اہم پریس کانفرنس میں بڑی اعلان کرتے ہوئے ریاست کی 29 میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ ممبئی، تھانے سمیت ریاست کی تمام 29 میونسپل کارپوریشنوں میں 15 جنوری 2026 کو ووٹنگ ہوگی، جبکہ 16 جنوری 2026 کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ یہ معلومات ریاست کے چیف الیکشن کمشنر دنیش واگھمارے نے دی ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق، مقامی خود مختار اداروں کی جن کی مدت ختم ہو چکی ہے، ان کے انتخابات 31 جنوری 2026 تک مکمل کرانے کے سلسلے میں کی گئی کارروائی سے متعلق تفصیلات فراہم کرنے کے لیے یہ پریس کانفرنس منعقد کی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ 29 میونسپل کارپوریشنوں میں سے 27 کی مدت ختم ہو چکی ہے، جبکہ 5 کارپوریشنوں کی مدت 2020 میں ہی ختم ہو گئی تھی۔ اس کے علاوہ ممبئی سمیت 18 میونسپل کارپوریشنوں کی مدت 2022 میں اور 4 کی مدت 2023 میں ختم ہوئی تھی۔
انتخابی پروگرام اس طرح ہوگا:
نامزدگی فارم جمع کرنے کی مدت: 23 تا 30 دسمبر
نامزدگی فارموں کی جانچ: 31 دسمبر 2025
امیدواریاں واپس لینے کی آخری تاریخ: 2 جنوری 2026
انتخابی نشان کی الاٹمنٹ اور حتمی امیدواروں کی فہرست: 3 جنوری 2026
ووٹنگ: 15 جنوری 2026
نتائج کا اعلان: 16 جنوری 2026
ریاست کے چیف الیکشن کمشنر دنیش واگھمارے نے یہ بھی واضح کیا کہ ریاست کی تمام 29 میونسپل کارپوریشنوں کے علاقوں میں آج سے ضابطۂ اخلاق نافذ ہو گیا ہے۔ دوبارہ ووٹنگ (ڈبل ووٹر) کو روکنے کے لیے کی گئی اقدامات پر بات کرتے ہوئے الیکشن کمشنر نے بتایا کہ ممکنہ ڈبل ووٹروں کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور ایسے ووٹروں کے نام کے سامنے ڈبل اسٹار کا نشان لگایا گیا ہے۔ میونسپل کمشنروں کے ذریعے ان ووٹروں کے گھروں پر جا کر سروے کیا گیا ہے اور ان سے یہ تحریری طور پر لیا گیا ہے کہ وہ کس پولنگ اسٹیشن پر ووٹ ڈالیں گے۔ مقررہ پولنگ اسٹیشن کے علاوہ انہیں کہیں اور ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ چند مہینوں سے ریاست میں میونسپل انتخابات کو لے کر سیاسی الزامات، عدالتی لڑائیاں اور بالآخر سپریم کورٹ کی جانب سے 31 جنوری کی آخری مہلت کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔ انہی تمام مراحل کے بعد آج ریاستی الیکشن کمیشن نے بالآخر ریاست کی میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ 15 جنوری کو ووٹنگ اور 16 جنوری کو نتائج سامنے آئیں گے۔



