کیا ہے امریکہ کا ایپسٹین اسکینڈل؟ پرتھوی راج چوہان کے چونکا دینے والے دعوے ؛ ہنی ٹریپ، سیاست اورطاقت: ایپسٹین معاملے پر پرتھوی راج چوہان کا بڑا انکشاف؛ پڑھیں تفصیلی رپورٹ

ممبئی: (کاوش جمیل نیوز) :امریکہ میں بدنام زمانہ ایپسٹین فائلز 19 دسمبر کو وہاں کی پارلیمنٹ میں عام کیے جانے والے ہیں۔ کانگریس کے سینئر رہنما پرتھوی راج چوہان کا دعویٰ ہے کہ ان فائلز سے سامنے آنے والی معلومات نہ صرف دنیا کو ہلا کر رکھ دیں گی بلکہ بھارت کی سیاست پر بھی اس کا گہرا اثر پڑے گا۔
پرتھوی راج چوہان کے مطابق، جیفری ایپسٹین نامی شخص نے دنیا کے کئی بااثر افراد کو کم عمر لڑکیوں کی فراہمی کے ذریعے پھنسانے کا کام کیا تھا، جن میں بھارت سے تعلق رکھنے والے کچھ افراد بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اسی وجہ سے ملک کا وزیر اعظم تبدیل ہو سکتا ہے۔
چوہان اس سے پہلے بھی یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ وزیر اعظم بدلا جائے گا اور ناگپور سے تعلق رکھنے والا کوئی شخص وزیر اعظم بنے گا۔ اب بھی وہ اپنے دعوے پر قائم ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی خارجہ پالیسی کو مکمل طور پر ناکام قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایپسٹین فائلز میں بھارت کے کچھ موجودہ اور سابق اراکینِ پارلیمنٹ کے نام ہونے کی بھی بات سامنے آ رہی ہے۔
پرتھوی راج چوہان نے بتایا کہ جیفری ایپسٹین نے 1995 سے کم عمر لڑکیوں کے ذریعے بڑے سیاستدانوں کو ہنی ٹریپ میں پھنسانے کی کوشش کی۔ کچھ لڑکیوں کی شکایات کے بعد اسے 13 ماہ کی سزا ہوئی، بعد میں اسے دوبارہ جیل بھیجا گیا۔ چوان کے مطابق، ایپسٹین پر شدید دباؤ تھا کہ اس کے جرائم اور بااثر لوگوں کے نام دنیا کے سامنے نہ آئیں۔
اگست 2019 میں نیویارک کی ہائی سیکیورٹی جیل میں ایپسٹین کی موت کو خودکشی بتایا گیا، لیکن اس پر کسی کو یقین نہیں۔ چوان نے سوال اٹھایا کہ ہائی سیکیورٹی جیل میں اسے رسی کہاں سے ملی اور اس نے خودکشی کیسے کی؟ پوسٹ مارٹم کے بعد کچھ لوگوں نے گلا گھونٹ کر قتل کیے جانے کا شبہ ظاہر کیا۔
پرتھوی راج چوہان کے مطابق، 100 سے زائد لڑکیوں نے شکایت کی کہ ان کا جنسی استحصال کیا گیا اور انہیں بڑے سیاستدانوں کے لیے استعمال کیا گیا۔ اسی کے بعد یہ پورا معاملہ منظر عام پر آیا۔ اب امریکی پارلیمنٹ اس معاملے کو نہایت سنجیدگی سے لے رہی ہے۔
چوہان کا کہنا ہے کہ ایپسٹین معاملے میں ڈونالڈ ٹرمپ، سابق صدر بل کلنٹن، مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس اور برطانیہ کے شہزادے پرنس اینڈریو کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔ بل گیٹس نے اس بات کو تسلیم بھی کیا ہے، جبکہ پرنس اینڈریو نے عدالت سے باہر تصفیہ کر لیا۔
پرتھوی راج چوہان نے دعویٰ کیا کہ وہ جو کچھ کہہ رہے ہیں، وہ امریکی پارلیمنٹ کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات پر مبنی ہے۔ یہ تمام باتیں انہوں نے اے بی پی ماجھا کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں کہیں۔



