امڑاپور: سر سید احمد خان جونیئر کالج کے معلم محمد عابد شیخ کی بڑی کامیابی ڈویژنل سطح کے مقابلے میں پانچواں مقام؛ ممبئی میں ہونے والے ریاستی مقابلے کے لیے کوالیفائی

امڑاپور(چکھلی) : (نامہ نگار) :اسٹیٹ کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (SCERT Pune) کے زیرِ اہتمام اساتذہ اور تعلیمی افسران کے لیے منعقدہ “کیریئر گائیڈنس اور کونسلنگ” مقابلے میں سر سید احمد خان اردو جونیئر کالج آف آرٹس اینڈ سائنس، امڑپور کے فعال معلم محمد عابد شیخ محبوب نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈویژنل سطح پر پانچواں مقام حاصل کیا ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی انہوں نے جنوری 2026 میں ممبئی میں ہونے والے ریاستی سطح کے مقابلے کے لیے رسائی حاصل کر لی ہے۔ واضح رہے کہ ڈویژنل سطح کے اس مقابلے میں امراوتی ڈویژن کے پانچ اضلاع یعنی ایوت محل، واشم، اکولہ، بلڈانہ اور امراوتی کے اساتذہ اور عملہ شامل تھا۔ اس مقابلے کا مقصد اساتذہ میں انتظامی مہارتوں کو فروغ دینا اور طلبہ کی رہنمائی (Counseling) کے معیار کو بلند کرنا ہے۔ محمد عابد شیخ کی اس کامیابی نے نہ صرف کالج بلکہ پورے ضلع کا نام روشن کیا ہے۔
اس خوشی کے موقع پر کالج میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں الفلاح ایجوکیشن سوسائٹی کے صدر جناب شیخ اعظم صاحب اور پرنسپل شیخ ظفر صاحب نے محمد عابد شیخ کی گلپوشی کی اور ان کی محنت کو سراہا۔ * شیخ اعظم (صدر الفلاح سوسائٹی): “ہمارے ادارے کے اساتذہ تعلیمی میدان میں ہمیشہ سرگرم رہتے ہیں، عابد شیخ کی یہ جیت اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔” شیخ ظفر (پرنسپل): “ہمیں قوی امید ہے کہ محمد عابد شیخ جنوری 2026 کے دوسرے ہفتے میں ممبئی میں منعقد ہونے والے ریاستی مقابلے میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کریں گے۔”اس کامیابی پر ادارے کے تمام اساتذہ، غیر تدریسی عملے اور طلبہ نے محمد عابد شیخ کو مبارکباد پیش کی ہے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔



