بقرعید امن و امان کے ساتھ منانے کا عزم؛ بالاپورامن کمیٹی اجلاس میں سماجی ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل

بالاپور: (ذاکر احمد) : 25 مئی : آئندہ بقرعید کے پیشِ نظر بالاپور پولیس اسٹیشن کی جانب سے اتوار کی شام ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر سبھاگھر، درگاہ چوک میں امن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔ یہ اجلاس معزز سب ڈویژنل پولیس آفیسر، بالاپور کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں ہندو مسلم بھائی چارہ، سماجی ذمہ داری اور امن و قانون کی برقراری پر خصوصی زور دیا گیا۔
شام 6:40 بجے سے 7:40 بجے تک جاری رہنے والے اس اجلاس میں واضح کیا گیا کہ بقرعید کے دوران گاؤवंش کی قربانی نہیں کی جائے گی۔ اس کے علاوہ دیگر جانوروں کی قربانی کے وقت کسی بھی قسم کی ویڈیو یا تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل نہ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ پولیس انتظامیہ کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی کہ ایسے کسی بھی عمل سے گریز کریں جس سے مذہبی جذبات مجروح ہوں یا سماجی ماحول خراب ہونے کا اندیشہ ہو۔
اجلاس میں یہ بھی ہدایت دی گئی کہ قربانی کے بعد باقی ماندہ فضلہ اور ویسٹ میٹریل کو بلدیہ کی جانب سے فوری طور پر اٹھایا جائے۔ ساتھ ہی اگر سوشل میڈیا پر کوئی قابلِ اعتراض یا اشتعال انگیز ویڈیو وائرل ہو تو فوراً پولیس کو اطلاع دی جائے۔ امن کمیٹی کے اراکین اور شہریوں سے کہا گیا کہ معمولی تنازعات کو آپسی بات چیت کے ذریعے مقامی سطح پر ہی پرامن انداز میں حل کیا جائے۔
ہر سال کی طرح اس سال بھی بقرعید کو امن، بھائی چارے اور خوشگوار ماحول میں منانے کا عزم دونوں مذاہب کے نمائندوں نے ظاہر کیا۔ اجلاس میں بلدیہ بالاپور کے نائب صدر سریندر دھوپٹے، مختلف محکموں کے افسران، ایم ایس ای بی کے افسران، سماجی کارکنان اور امن کمیٹی کے تقریباً 45 تا 50 اراکین موجود تھے۔
اجلاس کے ذریعے بالاپور شہر میں مذہبی یکجہتی اور سماجی ہم آہنگی کو برقرار رکھتے ہوئے عیدالاضحیٰ کو پرامن انداز میں منانے کا مثبت پیغام دیا گیا۔



