ماہِ محرم الحرام میں تعلیماتِ امام حسینؓ پرعمل کی اشد ضرورت؛ جمعیۃ علماء شہربالاپورکی عوام، نوجوانوں اور خواتین سے دردمندانہ اپیل

بالاپور: (ذاکر احمد) :محرم الحرام کے بابرکت ایام کے پیشِ نظر جمعیۃ علماء شہر بالاپور کے صدر مولانا محمد اسماعیل اشاعتی نے شہر بالاپور اور اطراف کے تمام شہریوں، نوجوانوں، بزرگوں اور خواتین سے مخلصانہ اپیل کی ہے کہ وہ 9، 10، 11 اور 12 محرم الحرام کے مقدس ایام میں حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں نافذ کریں۔
انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ کی قربانی ہمیں دینِ اسلام کی سربلندی، حق و صداقت پر ثابت قدمی، انسانیت کی خدمت اور رسول اللہ ﷺ کی سنتوں پر عمل پیرا ہونے کا درس دیتی ہے۔ ان مبارک دنوں میں پنج وقتہ نمازوں کی پابندی، تلاوتِ قرآن، دعاؤں کا اہتمام، مساجد سے وابستگی اور علماء کرام سے دینی رہنمائی حاصل کرنا وقت کی
اہم ضرورت ہے۔
مولانا اشاعتی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ امام حسینؓ کے نام پر شرک، بدعات، خرافات، فضول رسومات اور بے مقصد سرگرمیوں سے مکمل اجتناب کیا جائے اور اپنی ذات کی اصلاح کے ساتھ معاشرے کی اصلاح کی فکر کی جائے۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں میں حضرت امام حسنؓ و حضرت امام حسینؓ کی سیرت و کردار کی جھلک پیدا کریں، جبکہ ماؤں میں حضرت فاطمۃ الزہراءؓ اور والدوں میں حضرت علی المرتضیٰؓ کی صفات اپنانے کی کوشش ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں نوجوان نسل کی صحیح دینی و تعلیمی تربیت نہایت ضروری ہے۔ اس لیے ہر فرد کو چاہیے کہ وہ خود بھی اس بابرکت مہم کا حصہ بنے اور دوسروں کو بھی نیکی، اصلاح اور دینی بیداری کی دعوت دے۔
جمعیۃ علماء شہر بالاپور نے عوام سے اپیل کی ہے کہ برے ماحول سے متاثر ہوکر خود کو خراب کرنے کے بجائے معاشرے کو سنوارنے اور مثبت تبدیلی لانے کی فکر کریں۔ یہی شہدائے کربلا کو حقیقی خراجِ عقیدت اور وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔




