ٹی ای ٹی، خواتیں کو برقعہ پہننے کی ملی آزادی ،امیدواروں راحت؛ اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ کی نمائندگی کامیاب

ممبئی/پونے: مہاراشٹر ٹیچر ایلیجیبلٹی ٹیسٹ (MAHA TET) 2026 میں مسلم خواتین امیدواروں کے حجاب، دوپٹہ، اوڑھنی اور برقع کے تعلق سے پیدا ہونے والے خدشات کے درمیان ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ (11138) کی مسلسل نمائندگی اور کوششوں کے نتیجے میں مسلم خواتین امیدواروں کو بڑی راحت حاصل ہوئی ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ11138 کے وفد نے تنظیم کے بانی ساجد نثار احمد کی قیادت میں ریاست کے وزیرِ تعلیم جناب دادا بھوسے صاحب سے ملاقات کی۔ اس وقت وزیرِ تعلیم صاحب ایم ایل سی انتخابات اور شیتکری سنگھٹنا کے انتخابات کی مصروفیات میں انتہائی مشغول تھے، اس کے باوجود انہوں نے وفد کو وقت دیا اور مسئلہ کی مکمل تفصیلات توجہ سے سنیں۔ملاقات کے دوران ساجد نثار احمد نے وزیرِ تعلیم کو بتایا کہ ٹی ای ٹی امتحان میں شریک ہونے والی مسلم خواتین امیدواروں کو حجاب، دوپٹہ، اوڑھنی اور برقع کے تعلق سے شدید تشویش پائی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں واضح ہدایات جاری ہونا ضروری ہیں تاکہ امیدوار بغیر کسی خوف و تذبذب کے امتحان میں شرکت کر سکیں۔مسئلہ کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے وزیرِ تعلیم جناب دادا بھوسے صاحب نے فوری کارروائی کی اور خود مہاراشٹر اسٹیٹ ایگزامینیشن کونسل، پونے کے کمشنر سے بذریعہ فون رابطہ قائم کیا۔ انہوں نے معاملے کی فوری جانچ اور مناسب فیصلہ کرنے کی ہدایت دی۔ وزیرِ تعلیم کی براہِ راست مداخلت کے بعد امتحانی حکام کی جانب سے فیصلہ جاری کیا گیا کہ خواتین امیدواروں کو حجاب، دوپٹہ، اوڑھنی اور برقع پہن کر امتحان میں شرکت کرنے کی اجازت برقرار رہے گی۔ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا گیا کہ امتحان کے دوران امتحانی مرکز میں موجود کلاس روم کے اندر امیدوار کا چہرہ مکمل طور پر سی سی ٹی وی کیمرے میں واضح طور پر نظر آنا ضروری ہوگا، تاکہ امتحانی ضوابط اور سیکیورٹی کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔اس اہم پیش رفت کے بعد مسلم خواتین امیدواروں میں اطمینان اور خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ کی جانب سے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا گیا ہے اور اسے آئینی حقوق، مذہبی آزادی اور خواتین امیدواروں کے وقار کے تحفظ کی سمت میں ایک مثبت قدم قرار دیا گیا ہے۔تنظیم کے بانی ساجد نثار احمد نے وزیرِ تعلیم جناب دادا بھوسے صاحب کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مصروف ترین شیڈول کے باوجود مسئلہ کو سنجیدگی سے لیا، فوری مداخلت کی اور متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے خواتین امیدواروں کے مفاد میں فیصلہ کروایا۔نیز تنظیم کے الطاف احمد ، ساجد حمید، مرزا رضوان ،راشد ایل وی ایچ، مشرف منماڑ، محمد فیض ، عقیل احمد نے فیصلہ کا استقبال کیا ہے۔




