ادراک فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام دوسرا آل انڈیا سالانہ کوئز مقابلہ "الفاروق” رجسٹریشن کی آخری تاریخ 30 جون

اورنگ آباد : ادراک فاؤنڈیشن کی جانب سے دوسرا آل انڈیا سالانہ کوئز مقابلہ منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا موضوع اس سال عظیم اسلامی مفکر، مؤرخ اور ادیب علامہ شبلی نعمانی رحمۃ اللہ علیہ کی مشہور و معروف تصنیف "الفاروق” کو بنایا گیا ہے۔ یہ علمی مقابلہ خلیفۂ ثانی، امیرالمؤمنین حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی عظیم شخصیت، سیرت، حیاتِ مبارکہ، عدل و انصاف، دینی و ملی خدمات اور سنہرے کارناموں سے نئی نسل کو روشناس کرانے کے مقصد سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ اسلامی تاریخ کی وہ بے مثال شخصیت ہیں جن کا نام عدل، شجاعت، تقویٰ، دیانت اور حکمرانی کے اعلیٰ اصولوں کے ساتھ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ آپؓ نے خلافت کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد ایک ایسا مثالی نظامِ حکومت قائم کیا جس میں انصاف، مساوات اور رعایا کی فلاح کو بنیادی اہمیت حاصل تھی۔ آپؓ کے دورِ خلافت میں اسلامی ریاست نے غیر معمولی وسعت حاصل کی، انتظامی نظام کو مضبوط بنیادیں ملیں اور عوامی خدمت کے ایسے شاندار نمونے قائم ہوئے جو آج بھی تاریخ کا روشن باب ہیں۔
علامہ شبلی نعمانیؒ کی کتاب "الفاروق” حضرت عمر فاروقؓ کی زندگی اور کردار کا ایک تحقیقی اور مؤثر مطالعہ ہے، جس میں آپؓ کے عہدِ خلافت، سیاسی بصیرت، عدل گستری، انتظامی صلاحیتوں اور اخلاقِ عالیہ کو نہایت خوبصورتی کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ ادراک فاؤنڈیشن کا یہ اقدام نوجوان نسل میں مطالعے کا ذوق پیدا کرنے اور اسلامی تاریخ کے عظیم کرداروں سے واقفیت بڑھانے کی ایک قابلِ تحسین کوشش ہے۔
اس کوئز مقابلے میں شرکت کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں رکھی گئی ہے۔ طلبہ، نوجوان، اہلِ علم اور تمام عمر کے افراد اس علمی سرگرمی میں حصہ لے سکتے ہیں۔ مقابلے میں 100 سوالات شامل ہوں گے اور ہر سوال کے لیے ایک نمبر مقرر کیا گیا ہے۔ سوالات کا تعلق علامہ شبلی نعمانیؒ کی کتاب "الفاروق” اور حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی حیات و خدمات سے ہوگا۔
اہم تاریخیں اور معلومات:
رجسٹریشن کی آخری تاریخ: 30 جون 2026
رجسٹریشن فیس: بالکل مفت
کوئز مقابلے کی تاریخ: اتوار، 19 جولائی 2026
وقت: رات 9 بجے سے 10 بجے تک
پہلے راؤنڈ کے نتائج کا اعلان: 25 جولائی 2026، شام 5 بجے
نمایاں انعامات:
ادراک فاؤنڈیشن کی جانب سے کامیاب شرکاء کے لیے پرکشش انعامات کا اعلان کیا گیا ہے:
پہلا انعام: 50,000 روپے
دوسرا انعام: 30,000 روپے
تیسرا انعام: 20,000 روپے
چوتھے تا چھٹے مقام تک: فی کس 10,000 روپے
ساتویں تا گیارہویں مقام تک: فی کس 5,000 روپے
بارہویں تا اکیسویں مقام تک: فی کس 2,000 روپے
مقابلے میں شرکت کے خواہش مند افراد آن لائن فارم کے ذریعے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ زبان کے انتخاب میں اردو، انگریزی اور ہندی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
منتظمین کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ مقابلے کے تمام مراحل، نتائج اور انتظامی امور کے سلسلے میں منتظمین کا فیصلہ حتمی اور تمام شرکاء کے لیے قابلِ قبول ہوگا۔
ادراک فاؤنڈیشن نے ملک بھر کے طلبہ، نوجوانوں اور علم دوست افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ اس منفرد علمی مقابلے میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں اور حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی روشن سیرت، عظیم کردار اور مثالی زندگی کے مطالعے کے ذریعے اپنی علمی پیاس کو سیراب کریں۔
یہ مقابلہ محض ایک کوئز نہیں بلکہ تاریخِ اسلام کے ایک عظیم باب سے وابستگی، مطالعے کی ترغیب اور نئی نسل کو اپنے درخشاں ماضی سے جوڑنے کی ایک اہم کاوش ہے۔ رمیز علی سے اس نمبر پر ربط قائم کرے۔
+919967307566



