چارسالہ ابیہہ نے دو لسانی کتاب شائع کرکے نئی مثال قائم کردی ؛ ابیہہ کا حیرت انگیزقابل تعریف کارنامہ

پونے: نومبر 2025: پربھنی کی کمسن اور باصلاحیت بچی سیدہ ابیہہ سید فیضان نے محض چارسال کی عمر میں اپنی پہلی دو لسانی بچوں کی کتاب “Benny and the Invisible Monsters” شائع کرکے سب کو حیران کر دیا ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ کتاب کی تحریر، ترجمہ اور تصویریں تینوں کام ابیہہ نے خود انجام دیے ہیں۔ یہ ایک قابلِ تعریف کارنامہ ہے، خصوصاً اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ وہ ابھی اسکول بھی نہیں جاتی۔
کتاب کا شاندار اجرا پونے کے چھترپتی شیواجی مہاراج گراؤنڈ میں ایک بڑے عوامی اجتماع کے دوران ہوا، جہاں 25 ہزار سے زائد لوگوں نے شرکت کی۔ یہ منظر نہ صرف ابیہہ کے لیے بلکہ اس کے والدین اور پورے شہر کے لیے فخر کا باعث تھا۔ عذرا بُک ٹریڈرز سے شائع ہونے والی اس کتاب کی 1110 کاپیاں متعدد مقامات پر فروخت ہو چکی ہیں، جن میں مختلف اسکول، مقامی اکیڈمیز اور مساجد کے باہر منعقدہ پروگرام شامل ہیں۔ ابیہہ کی اس غیر معمولی کامیابی کو Guinness World Records میں ’’سب سے کم عمر دو لسانی کتاب شائع کرنے والی (خواتین)‘‘ کے عنوان سے باضابطہ طور پر جمع کیا جارہا ہے۔
ابیہہ کے والد، سید فیضان نے اس موقع پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے کہا:“ابیہہ کو کہانیاں سنانا اور ڈرائنگ کرنا بے حد پسند ہے۔ اس عمر میں اُس کا کتاب لکھنا اور شائع کرنا — وہ بھی بغیر اسکول گئے — ہمارے لیے خوشی اور فخر کی ایسی کیفیت ہے جسے بیان کرنا مشکل ہے۔’’نیچے دی گئی تصاویر میں ابیہہ کو کتاب کے اجرا کے دوران مختلف معزز شخصیات کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ایک اور تصویر میں ہزاروں افراد پر مشتمل اجتماع نمایاں ہے، جو اس تقریب کی کامیابی اور ابیہہ کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔



