ممبئی دوردرشن سہیادری پرشاندار مشاعرہ کا انعقاد؛ سید حسین اخترکی صدارت میں اردو ادب کی دلنشیں محفل؛ نامورشعرائے کرام کے دلآویز کلام سے سامعین محظوظ

ممبئی: (نامہ نگار) :ممبئی کے سرکاری ٹیلی ویژن مرکز دوردرشن سہیادری پر ۴ مارچ ۲۰۲۶ء کو ایک شانداراوریادگار مشاعرے کا انعقاد کیا گیا جس میں اردو ادب کے دلدادہ افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس باوقار اور بامعنی ادبی نشست کی صدارت سید حسین اختر (چیئرمین مہاراشٹر راجیہ اردو ساہتیہ اکادمی) نے فرمائی۔
اس خوبصورت مشاعرے میں ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ممتاز شعرائے کرام نے شرکت کرتے ہوئے اپنا منتخب کلام نہایت دلکش انداز میں پیش کیا۔ مشاعرے میں جن شعرا نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا ان میں معین الدین فکر پرتاپ گڑھی (حال مقیم ممبئی)، شفیع احمد شفیع (پربھنی)، ڈاکٹر یوسف خان صابر (اورنگ آباد)، سید عبدالواحد جاذب، رعنا تبسم، ذکی صدیقی اور سید کریم اللہ حسینی نیئر شامل تھے۔ شعرائے کرام کے دلنشیں اور فکرانگیز اشعار کو سامعین نے بے حد پسند کیا اور محفل بارہا داد و تحسین کی آوازوں سے گونجتی رہی۔
اس بامقصد ادبی نشست کی نظامت معروف شاعر اور ماہرِ علمِ عروض شفیع احمد شفیع نے نہایت خوش اسلوبی، برجستگی اور دلکش انداز میں انجام دی۔ ان کی شگفتہ گفتگو اور شعرا کے تعارف کے منفرد انداز نے محفل کے حسن اور وقار میں مزید اضافہ کر دیا۔
پروگرام کی کامیابی میں دوردرشن سہیادری کے ذمہ داران اور فنی عملے نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ بہترین ہدایت کاری، عمدہ انتظام اور فنی مہارت کے باعث یہ مشاعرہ نہایت کامیاب اور یادگار ثابت ہوا۔
صدارتی خطاب
اس موقع پر صدرِ مشاعرہ سید حسین اختر نے اپنے مختصر خطاب میں فرمایا:“اردو زبان ہماری مشترکہ تہذیبی روایت اور ثقافتی ورثہ ہے۔ ایسے مشاعرے نہ صرف شعر و ادب کے ذوق کو تازگی بخشتے ہیں بلکہ نئی نسل کو بھی اردو ادب کی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ میں دوردرشن سہیادری کے ذمہ داران اور تمام شریک شعراء کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے یہ خوبصورت محفل سجائی۔”
آخر میں صدرِ مشاعرہ سید حسین اختر نے تمام شعرائے کرام، دوردرشن سہیادری کے ذمہ داران، عملے اور سامعین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اس طرح کی ادبی تقریبات کے ذریعے اردو زبان و ادب کی خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا۔



