تعلیم و روزگار

مہاراشٹر:امداد یافتہ اسکولوں کے ملازمین کی معلومات ہوں گی عوامی؛ شلارتھ نظام کی ویب سائٹ پر تنخواہ اور سروس کی تفصیلات شائع کرنے کا فیصلہ

بالاپور: (ذاکر احمد) :مدیرِ تعلیم (ثانوی و اعلیٰ ثانوی)، مہاراشٹر ریاست، پونے کی جانب سے 04 مارچ 2026 کو جاری کردہ مکتوب کے مطابق ریاست کے نجی امداد یافتہ اسکولوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی مکمل معلومات عوام کے لیے دستیاب کرانے کا اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ اقدام اطلاع کا حق ایکٹ 2005 کے تقاضوں کے عین مطابق شفافیت کو یقینی بنانے کی غرض سے اٹھایا گیا ہے۔جاری ہدایات کے مطابق سرکاری امداد حاصل کرنے والے تعلیمی اداروں کے ملازمین کا نام، ادارہ اور اسکول کا نام، عہدہ، تقرری کی تاریخ، ریٹائرمنٹ کا مہینہ اور سال نیز مجموعی تنخواہ کی تفصیلات اب عوامی سطح پر فراہم کی جائیں گی۔ اس فیصلے کے تحت شہریوں کو متعلقہ معلومات تک براہِ راست رسائی حاصل ہو سکے گی۔
یہ تمام معلومات ریاستی حکومت کے شلارتھ نظام کی سرکاری ویب سائٹ پر شائع کی جا رہی ہیں، تاکہ عام شہری بھی بآسانی ان تفصیلات سے استفادہ کر سکیں۔ اس سلسلے میں مراسلہ تمام ڈویژنل چیئرمین، ڈویژنل ڈپٹی ڈائریکٹرز، ایجوکیشن آفیسران (پرائمری/سیکنڈری)، ممبئی کے ایجوکیشن انسپکٹرز (شمال/جنوب/مغرب)، میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کونسل کے انتظامی افسران نیز تنخواہ و پراویڈنٹ فنڈ سپرنٹنڈنٹس کو روانہ کیا گیا ہے۔
*محکمۂ تعلیم کے اس فیصلے کو انتظامی شفافیت اور عوامی جوابدہی کی سمت ایک اہم اور حساس قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ متعلقہ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ معلومات کو بروقت اپڈیٹ کرکے پورٹل پر فراہم کریں، تاکہ حکومتی نظام میں شفافیت اور اعتماد کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!