ریاست مہاراشٹرمیں پہلی سے دسویں جماعت تک مراٹھی زبان لازمی؛ حکم پر عمل نہ کرنے والی اسکولوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

بالاپور: (ذاکر احمد شیخ) :مہاراشٹر حکومت نے ریاست کی تمام اسکولوں میں پہلی سے دسویں جماعت تک مراٹھی زبان کو لازمی قرار دینے کے حکم پر سختی سے عمل درآمد کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ریاستی حکومت کے محکمۂ اسکولی تعلیم نے تفصیلی طریقۂ کار طے کرتے ہوئے باضابطہ حکومتی فیصلہ (جی آر) جاری کر دیا ہے۔
محکمۂ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق جو اسکول مراٹھی زبان کی تدریس کو لازمی قرار دینے کے حکومتی ضابطوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے جائیں گے، ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سب سے پہلے متعلقہ اسکول کو نوٹس جاری کیا جائے گا اور اسے ۱۵ دن کے اندر اپنا وضاحتی جواب پیش کرنا لازمی ہوگا۔
اگر اسکول کی جانب سے پیش کیا گیا جواب تسلی بخش نہ پایا گیا تو متعلقہ اسکول کی انتظامیہ پر ایک لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔ اس کے ساتھ ہی اسکول کو آئندہ تعلیمی سال سے مراٹھی مضمون کو لازمی طور پر شروع کرنے کے احکامات بھی دیے جائیں گے۔




