تعلیم و روزگار

ٹی ای ٹی امتحان ائندہ سال سے آن لائن ہوگا؛ وزیرِ تعلیم کا قانون ساز کونسل میں اہم اعلان؛ دوبارہ امتحان بغیر کسی فیس کے، آئندہ سال سے آن لائن امتحانی نظام کے لیے چیف سیکریٹری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی جائے گی

ممبئی: (کاوش جمیل نیوز) :مہاراشٹر اسٹیٹ ایگزامینیشن کونسل کی جانب سے منعقد کیے جانے والے ٹیچر ایلیجیبلٹی ٹیسٹ (TET) 2026 کے پرچہ افشا ہونے کے معاملے پر پیر کے روز اسمبلی اور قانون ساز کونسل میں شدید ہنگامہ دیکھنے میں آیا۔ تمام جماعتوں کے اراکین نے حکومت سے اس معاملے میں سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر ریاست کے وزیر برائے اسکولی تعلیم دادا بھوسے نے قانون ساز کونسل میں تفصیلی بیان دیتے ہوئے کئی اہم اعلانات کیے۔ انہوں نے کہا کہ TET 2026 کا دوبارہ امتحان مکمل شفاف، منظم اور محفوظ ماحول میں منعقد کیا جائے گا اور اس امتحان کے لیے امیدواروں سے کسی بھی قسم کی امتحانی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔وزیر تعلیم نے مزید اعلان کیا کہ آئندہ سال سے TET سمیت مہاراشٹر اسٹیٹ ایگزامینیشن کونسل کی تمام اہم امتحانات کو مرحلہ وار آن لائن طریقۂ کار سے منعقد کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ضروری تکنیکی اور بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے کی غرض سے ریاست کے چیف سیکریٹری کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد سوالیہ پرچہ افشا ہونے جیسے واقعات پر مستقل روک لگانا، امتحانی نظام میں شفافیت کو مزید مضبوط کرنا اور امیدواروں کا اعتماد بحال کرنا ہے۔اس اعلان کے بعد ریاست بھر کے لاکھوں امیدواروں میں اطمینان کی لہر دوڑ گئی ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے مستقبل میں امتحانی نظام مزید محفوظ، شفاف اور قابلِ اعتماد ہوگا۔ اس ضمن اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ 11138کے جنرل سیکریٹری ساجد نثار احمد نے اپنے ردِ عمل میں کہا:”پرچہ افشا ہونے کے پس منظر میں حکومت کا TET اور دیگر امتحانات کو آن لائن طریقے سے منعقد کرنے کا فیصلہ قابلِ استقبال ہے۔ تاہم، آن لائن امتحانات کے آغاز سے قبل ریاست کے تمام امیدواروں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے مناسب تعداد میں امتحانی مراکز، مضبوط تکنیکی سہولیات اور باقاعدہ ماک ٹیسٹ کا انتظام کیا جانا چاہیے۔ اسی طرح TET 2026 کے دوبارہ امتحان کے لیے کسی بھی قسم کی امتحانی فیس نہ لینے کا فیصلہ امیدواروں کے لیے بڑی راحت ہے۔ ہماری توقع ہے کہ دوبارہ امتحان مکمل شفافیت، غیر جانبداری اور منظم انداز میں منعقد کیا جائے تاکہ امیدواروں کا اعتماد بحال ہو سکے۔”

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!