مہاراشٹر:تعلیمی نظام میں شفافیت کیلئے بڑا قدم، امتحانات کے دوران 11، 15 اور 22 اپریل کو طلبہ کی حاضری کی جانچ ؛ طلبہ کی حاضری آن لائن سسٹم میں ہوگی درج

پونے: (کاوش جمیل نیوز) :ریاست کے تمام اسکولوں میں باقاعدہ تعلیمی جائزہ امتحانات (Periodic Assessment Test) کے دوران طلبہ کی حاضری اور اندراج کی تصدیق (پٹ پڑتال) کی جائے گی۔ اس کے تحت 11 اپریل، 15 اپریل اور 22 اپریل کو محکمۂ تعلیم کی ٹیمیں اسکولوں کا دورہ کریں گی، طلبہ کی حاضری کا جائزہ لے کر اسے سسٹم میں درج کریں گی۔ اس عمل کو ایک ہی وقت میں مکمل کرنے کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ جماعت نہم اور گیارہویں کے سالانہ امتحانات بھی انہی دنوں میں منعقد کیے جائیں۔
یہ ہدایات پرائمری ایجوکیشن ڈائریکٹر شردگوسائی اورسیکنڈری ایجوکیشن ڈائریکٹر ڈاکٹر مہیش پالکر نے سرکاری سرکولر کے ذریعے جاری کی ہیں۔ ریاستی تعلیمی تحقیق و تربیت کونسل کے تحت سرکاری، بلدیاتی اور امدادی نجی اسکولوں کے طلبہ کے لیے یہ جائزہ امتحانات منعقد کیے جائیں گے۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق جماعت دوم سے ہشتم تک کے طلبہ کے امتحانات 11 اپریل، 15 اپریل اور 22 اپریل کو بالترتیب پہلی زبان، ریاضی اور تیسری زبان کے مضامین میں ہوں گے۔ اسی دوران اسکولوں میں طلبہ کی تصدیق کا عمل بھی انجام دیا جائے گا۔
سرکولر کے مطابق، جماعت دوم سے ہشتم تک کی طلبہ تصدیق انہی دنوں میں کی جائے گی جب پَیٹ (PAT) امتحانات ہوں گے۔ اسی طرح جماعت نہم کے لیے مراٹھی، ریاضی اور انگریزی کے سالانہ امتحانات، جبکہ جماعت گیارہویں کے لیے مراٹھی، فزکس اور انگریزی کے امتحانات بھی انہی تاریخوں پر منعقد کیے جائیں گے۔
طلبہ کی تصدیق کے عمل کے لیے ‘اسٹوڈنٹ پورٹل’ پر ہیڈ ماسٹر، مرکز انچارج، ایکسٹینشن آفیسر اور ایجوکیشن آفیسر کے لاگ اِن فراہم کیے جائیں گے۔ دورہ کرنے والی ٹیمیں انہی لاگ اِن کے ذریعے حاضر اور غیر حاضر طلبہ کی تفصیلات درج کریں گی۔
البتہ جماعت دسویں اور بارہویں کے طلبہ کی علیحدہ تصدیق کی ضرورت نہیں ہوگی، کیونکہ ریاستی بورڈ کے امتحانات میں ان کی حاضری کو ہی مستند مانا جائے گا۔



