پوتر پورٹل پر اساتذہ بھرتی کے اہم مسائل پر پونے میں فیصلہ کن میٹنگ؛ اردو میڈیم کی خالی آسامیوں کے سلسلے میں مثبت فیصلے

پونہ: (خصوصی رپورٹ) :پوتر پورٹل کے ذریعے جاری اساتذہ بھرتی کے عمل میں امیدواروں کو درپیش تکنیکی دشواریوں، ترجیحات درج کرنے اور انہیں حتمی طور پر محفوظ کرنے کے لیے مہلت میں توسیع، اردو میڈیم کی خالی آسامیوں کو پورٹل پر شامل نہ کیے جانے اور معذور امیدواروں کے ترجیحی حق جیسے اہم مسائل پر آج اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ 11138کے وفد نے تنظیم کے بانی ساجد نثار احمد کی قیادت میں مہاراشٹر ریاستی امتحانی کونسل، پونے میں معزز کمشنر جناب مہیش چوتھے صاحب، معزز ڈپٹی کمشنر محترمہ سنگیتا بانگر اور متعلقہ افسران سے ملاقات کی اور تفصیلی گفتگو کی,اس اہم میٹنگ میں اردو میڈیم کی خالی آسامیوں کا معاملہ خصوصی طور پر پیش کیا گیا۔ ان تمام ضلع پریشدوں، میونسپل کارپوریشنوں اور بلدیاتی اداروں کے بارے میں جنہوں نے اب تک اردو میڈیم کی خالی آسامیوں کو پوتر پورٹل پر اپ لوڈ نہیں کیا ہے، افسران نے بتایا کہ متعلقہ اداروں سے براہِ راست فون پر رابطہ کرکے خالی آسامیوں کی معلومات حاصل کی جائیں گی اور ضروری کارروائی کی جائے گی۔میٹنگ میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ متعلقہ اداروں کو ضروری عہدوں کی منظوری اور احکامات جاری کیے جاچکے ہیں، لہٰذا اردو میڈیم کی دستیاب تمام خالی آسامیوں کا جائزہ لے کر انہیں بھرتی کے عمل میں شامل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ ترجیحات درج کرنے کے لیے دوبارہ مہلت کا اہم فیصل ،پوتر پورٹل پر امیدواروں کو پیش آنے والی تکنیکی دشواریوں، ایک مرتبہ استعمال ہونے والے رمز (او ٹی پی) موصول نہ ہونے، سرور پر اضافی بوجھ، لاگ اِن میں دشواری، ترجیحات محفوظ یا حتمی طور پر درج نہ ہونے سمیت مختلف مسائل کو بھی میٹنگ میں تفصیل سے پیش کیا گیا۔اس سلسلے میں یہ اہم فیصلہ سامنے آیا کہ اگر امیدواروں کی مشکلات کے پیشِ نظر ضرورت محسوس ہوئی تو ترجیحات درج کرنے اور انہیں حتمی طور پر محفوظ کرنے کے لیے دوبارہ مہلت میں توسیع دی جائے گی۔اس کے علاوہ معذور امیدواروں کو ترجیحی سہولت اور ریزرویشن کا فائدہ، اردو میڈیم کی خالی آسامیوں کی درست معلومات، ریزرویشن فہرست کی تکمیل، میڈیم کے اعتبار سے آسامیوں کی جانچ سمیت متعدد اہم امور پر بھی مثبت گفتگو اور فیصلے کیے گئے۔آج کی میٹنگ انتہائی اہم اور نتیجہ خیز رہی۔ انتظامیہ نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ضروری کارروائی کرنے پر مثبت موقف اختیار کیا کہ تکنیکی یا انتظامی خامیوں کی وجہ سے کسی بھی اہل امیدوار کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔اس اہم میٹنگ میں اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ11138 کے بانی ساجد نثار احمد، ریاستی جوائنٹ سکریٹری ڈاکٹر معین الدین منیار، منیر کابل، انس شیخ سمیت تنظیم کے دیگر عہدیداران اور مختلف میڈیم، بالخصوص اردو میڈیم کے امیدوار بھی موجود تھے۔




