مالیگاؤں: صاف ستھرا ماحول، صحت مند مستقبل؛ نیو اَرا اسکول کی شاندار صفائی مہم

مالیگاؤں: نیو اَرا اسکول میں اس ہفتے 29 نومبر 2025 بروز سنیچر *نیو اَرا اِنوارنمنٹل ڈیولپمنٹ* (صاف صفائی مہم) کا انعقاد پرائمری طلباء کے لئے کیا گیا۔ جس میں طلباء نے بھرپور جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔ مہم کا مقصد طلباء میں صفائی، ماحول دوستی اور ذمہ داری کے احساس کو اُجاگر کرنا تھا۔ مہم کے دوران طلباء نے کلاس رومز، راہ داریوں، کھیل کے میدان اور لان (باغیچے) کی صفائی کی۔ اساتذہ نے طلباء کو ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کی اہمیت اور کچرے کی صحیح تلفی کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر طلباء نے یہ عہد بھی کیا کہ وہ نہ صرف اسکول بلکہ اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول کو بھی صاف رکھنے کی کوشش کریں گے۔
اس مہم میں طلباء کی محنت کو سراہا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ صاف ستھرا ماحول صحت مند معاشرے کی بنیاد ہے۔ یہ صاف صفائی مہم نہ صرف تعلیمی سرگرمی ہے بلکہ طلباء میں سماجی ذمہ داری، تعاون اور ماحول دوستی کے جذبے کو فروغ دینے کا بہترین عملی قدم ثابت ہے۔




