بالاپور:حضرت ابوبکر صدیق اُردو ہائی اسکول میں سالانہ انعامی تقریب

اكو لہ:(ڈاکٹر ذاکر نعمانی) : دَ مسلم مائنارٹی ایجوکیشنل،کلچرل اینڈ اکنامک ڈیولپمنٹ سوسائٹی بالا پور کے زیرِ اہتمام حضرت ابوبکر صدیق اردو ہائی اسکول، قادری پورہ بالاپور ضلع اکولہ میں سالانہ جلسہ اورانعامی تقریب نہایت جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئی۔اس موقع پر تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو سرٹیفیکیٹ اور انعامات سے نوازا گیا۔ طلبہ نے مختلف مقابلہ جات جیسے مصوری، لیموں چمچ ریس، دوڑ، 50 میٹر ریس، ذہنی مقابلے، انگریزی زبان اور ریاضی کے مقابلوں میں بھرپور حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا عمدہ مظاہرہ پیش کیا۔تقریب کی صدارت بالاپوربلدیہ کے سابق صدر فضل الرحمن انصاری صاحب نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی کے طور پر امراوتی ڈویژن کے سابق شکشك آمدارشر یکانت دیشپانڈے شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ بالاپور تعلقہ اساتذہ تنظیم کے صدر سنجے دیوکاتے سر بھی بطورِ خاص مہمان موجود تھے۔تقریب میں شہر کے معززین اور بلدیہ کے اراکین کی بھی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ پروگرام کا تعارف فیاض احمد خان سر نے پیش کیا جبکہ نظامت کے فرائض ریاضت علی سر نے انجام دیے۔ آخر میں اظہارِ تشکر اعجاز احمد سر اور انیس احمد سر نے ادا کیا۔تقریب کی کامیابی میں اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کا نمایاں کردار رہا، جس سے طلبہ کے حوصلے بلند ہوئے اور انہیں مستقبل میں مزید محنت کرنے کی ترغیب ملی۔ یہ تقریب طلبہ کے لیے نہ صرف خوشی کا باعث بنی بلکہ ان کی ہمہ جہت ترقی کا ذریعہ بھی ثابت ہوئی۔




