مالیگاؤں: صحت مند غذا کی پہچان؛ نیو اَرا اسکول میں نیشنل ملک ڈے کے موقع پر بچوں کی دلچسپ سرگرمیاں

مالیگاؤں: نیو ارا سیمی انگلش نیٹ ورک کے پری پرائمری و پرائمری سیکشن میں 26 نومبر بروز بدھ کو نیشنل ملک ڈے نہایت سرگرمی اور دلچسپی کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر بچوں کے لیے دودھ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے مختلف کرافٹ سرگرمیاں رکھی گئیں۔ طلبہ نے گلو، ڈرائنگ پیپر، کپاس اور اسکیچ وغیرہ استعمال کرتے ہوئے خوبصورت ماڈلز تیار کیے جن میں گائے، دودھ کے گلاس اور صحت سے متعلق تصاویر شامل تھیں۔
بچوں نے اپنی تخلیقی مہارتوں کا بھرپور اظہار کیا، جب کہ اساتذہ نے انہیں دودھ کے غذائی فوائد کے بارے میں سادہ اور دلچسپ انداز میں آگاہ کیا۔ والدین کی جانب سے بھی بھرپور تعاون رہا، جنہوں نے بچوں کو دودھ سے بنی اشیاء کے ساتھ اسکول بھیجا۔
یہ سرگرمی نہ صرف بچوں کے لیے تفریح کا ذریعہ بنی بلکہ انہیں صحت مند غذاؤں کی پہچان اور اس کی اہمیت سمجھانے کا بہترین موقع بھی فراہم کیا۔ اسکول انتظامیہ نے اس کامیاب تقریب پر بچوں کی کاوشوں کو سراہا اور مستقبل میں بھی ایسی معلوماتی سرگرمیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔



