ماہنامہ “پیغامِ فرقان (ہندی)” کا جامعہ محمدیہ عربیہ رائدرگ میں باضابطہ اجرا

شولاپور: ( نامہ نگار ) : رائدرگ (آندھرا پردیش) — نمائندۂ خصوصیآندھرا پردیش کے معروف دینی و تعلیمی ادارہ جامعہ محمدیہ عربیہ، رائدرگ میں ہر سال کی طرح اس سال بھی ابنائے قدیم کا سالانہ پروگرام نہایت وقار اور علمی ماحول میں منعقد ہوا۔ یہ دو روزہ پروگرام 13 اور 14 دسمبر 2025 کو جامعہ کے احاطے میں منعقد کیا گیا، جس میں ملک کے مختلف حصوں سے علماء کرام، اساتذہ، فارغینِ جامعہ اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔اسی بابرکت موقع پر قرآن فہمی کو عام کرنے کے مقصد کے تحت ماہنامہ ’’پیغامِ فرقان (ہندی)‘‘ کا باضابطہ رسمِ اجرا عمل میں آیا۔
اس مجلے کا اجرا سلفی بیت المال بلاری کے سکریٹری جناب الحاج یونس صاحب کے دستِ مبارک سے انجام پایا۔تقریبِ اجرا کے موقع پر ملک کے معروف علماء دین کی ایک معزز جماعت موجود تھی، جن میںشیخ عبد الغفور جامعی، شیخ عبد الرحیم سگری جامعی، شیخ عبد الباری مدنی، قاضی وسیم مدنی، جناب حافظ نور صاحب جامعی، ابو حمدان اشرف فیضی، عبد الرحیم خرم جامعیاور دیگر اکابر علماء شامل تھے۔
تمام علماء کرام نے ماہنامہ ’’پیغامِ فرقان (ہندی)‘‘ کو فہمِ قرآن کی سمت ایک اہم، بروقت اور قابلِ تحسین کوشش قرار دیتے ہوئے اس کی بھرپور ستائش کی۔ماہنامہ ’’پیغامِ فرقان (ہندی)‘‘بنیادی طور پر قرآنِ مجید کی تفسیر پر مشتمل ہوگا، جس میں ہر آیت کے آخر میں اس سے متعلق ایک عملی نکتہ بیان کیا جائے گا تاکہ قاری اسے اپنی عملی زندگی میں نافذ کر سکے۔ اس کے علاوہ مجلے میں احادیثِ مبارکہ، اسلاف کے اقوال اور موسمی اسلامی معلومات بھی شامل ہوں گی۔ یہ مجلہ تقریباً 20 تا 25 صفحات پر مشتمل ہوگا، جسے روزانہ ایک صفحہ پڑھ کر بآسانی مکمل کیا جا سکتا ہے۔
علماء کرام نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ دور میں آن لائن غیر مستند مواد کی کثرت کے باعث بالخصوص مائیں اور بہنیں تذبذب کا شکار رہتی ہیں، ایسے میں یہ مجلہ ایک محفوظ، مستند اور رہنمائی فراہم کرنے والا ذریعہ ثابت ہوگا، نیز موبائل کے فتنوں سے بچاؤ میں بھی معاون بنے گا۔واضح رہے کہ اس مجلے کی ماہانہ قیمت صرف 30 روپے رکھی گئی ہے، جو پوسٹ کے ذریعے قارئین کے گھروں تک پہنچا دی جائے گی۔ اس مجلے کے اجراء اور ترتیب کی ذمہ داری ابو طاہر مہتاب جامعی نے انجام دی ہے۔پروگرام کے اختتام پر دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ اس دینی و علمی کاوش کو قبول فرمائے، اسے امت کے لیے نفع بخش بنائے اور اس سے وابستہ تمام افراد کے لیے اسے صدقۂ جاریہ کا ذریعہ بنائے۔مزید معلومات اور حصولِ مجلہ کے لیے ابو طاہر مہتاب جامعی (7498839914) پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔



