مہاراشٹردھرم آزادی ایکٹ کی آئینی حیثیت کو چیلنج کرنے والی عرضی پر20 اگست کو سماعت

بالاپور: (نمائندہ) : ناگپور 10 اگست مہاراشٹر دھرم آزادی ایکٹ کی آئینی حیثیت کو چیلنج کرنے والی رِٹ پٹیشن پر پیر کے روز بمبئی ہائی کورٹ کی ناگپور بینچ میں سماعت ہوئی۔ معاملے کی سماعت معزز جسٹس انیل ایس۔ کلور اور جسٹس رجنیش آر۔ ویاس پر مشتمل ڈویژن بینچ کے روبرو ہوئی۔
یہ معاملہ رِٹ پٹیشن نمبر 6104/2026 سے متعلق ہے، جس میں محمد قیصر فاروق ولد محمد اکبر درخواست گزار ہیں، جبکہ مہاراشٹر حکومت کے چیف سیکریٹری کے توسط سے ریاست مہاراشٹر اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ معین عمران خان مختار خان نے پیروی کی، جبکہ ریاستی حکومت کی جانب سے سرکاری وکلاء نے عدالت کے سامنے اپنا موقف پیش کیا۔
عدالت کے 10 اگست 2026 کے حکم کے مطابق، درخواست گزار کے وکیل کی درخواست پر معاملے کی آئندہ سماعت 20 اگست 2026 تک ملتوی کردی گئی ہے۔
مذہبی آزادی، بنیادی حقوق اور قانون کی آئینی حیثیت سے متعلق یہ معاملہ حساس نوعیت کا ہے۔ تاہم، 10 اگست کی سماعت میں درخواست کے حتمی قانونی نکات پر کوئی فیصلہ نہیں دیا گیا۔ اب اس معاملے کی اگلی سماعت 20 اگست کو ہوگی۔




