مہاراشٹر

اورنگ آباد: میئرکی کرسی بی جے پی کے نام ، سمیر راجورکربنے میئر؛ مگر ڈپٹی میئرپررسہ کشی جاری؛ شندے سینا کے دو دعویدار میدان میں

اورنگ آباد: (کاوش جمیل نیوز) :اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کے نئے میئر کے طور پرسمیرراجورکر کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ شہر میں سخت سیاسی مقابلے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ایک بار پھر اپنا قلعہ برقرار رکھا ہے۔ اس الیکشن میں شیو سینا اور بی جے پی کے درمیان کانٹے کی ٹکر دیکھنے کو ملی۔ سمیر سُبھاش راجورکر اب باضابطہ طور پر اورنگ آباد کے نئے میئر ہوں گے۔ یہ شہر گزشتہ کئی دہائیوں سے سیاسی ہلچل اور تنازعات کا مرکز رہا ہے، ایسے میں بی جے پی کے میئر کے انتخاب نے ریاست بھر میں سیاسی حلقوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔
ادھر ڈپٹی میئر کے عہدے پر ابھی بھی غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔ چونکہ شندے شیو سینا اور بی جے پی نے الگ الگ انتخابات لڑے تھے، اس لیے اب شندے گروپ کی شیو سینا ڈپٹی میئر کا عہدہ حاصل کرنے کے لیے بات چیت کر رہی ہے۔ شندے شیو سینا کی جانب سے راجندر جنجال کا نام ڈپٹی میئر کے لیے پیش کیا گیا ہے اور وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے انہیں نامزدگی فارم بھرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔
تاہم مقابلہ ابھی ختم نہیں ہوا ہے، کیونکہ سابق میئر تریمبک تُپے بھی اس عہدے کے لیے تیاری کر رہے ہیں اور انہوں نے بھی اپنی امیدواری داخل کر دی ہے، جس کے باعث ڈپٹی میئر کے انتخاب پر معمہ برقرار ہے۔
دریں اثناء، سیاست میں خاندانی یا وراثتی بنیادوں پر عہدے حاصل کرنے والوں کے درمیان سمیر راجورکر ایک منفرد مثال بن کر ابھرے ہیں۔ ان کا سیاسی سفر 1995 میں ایک چھوٹے وارڈ کے صدر کے طور پر شروع ہوا تھا اور آج وہ میونسپل کارپوریشن کے اعلیٰ ترین عہدے تک پہنچ چکے ہیں۔
راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے کارکن سے لے کر شہر کے پہلے شہری (میئر) تک کا ان کا سفر قابلِ ذکر ہے۔ بی جے پی کی تنظیمی مضبوطی میں انہوں نے پسِ پردہ اہم کردار ادا کیا، جس کا صلہ انہیں آج ملا ہے۔ 2024 کے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں اورنگ آباد میں بی جے پی کو جو کامیابی حاصل ہوئی، اس کے پیچھے سمیر راجورکر کی انتخابی حکمتِ عملی کو اہم سمجھا جا رہا ہے۔ پارٹی میں انہیں ’چانکیہ‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ دو مرتبہ کارپوریٹر رہنے کے باعث انہیں میونسپل کارپوریشن کے ہرعلاقے اور مسائل کی گہری جانکاری حاصل ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!