بالاپور : سیکریٹری اور سرپنچ کے خلاف 34 لاکھ روپے کے غبن کا مقدمہ درج؛ سرپنچ اور سیکریٹری فرار ؛ لوہارا گرام پنچایت سیل ؛ ناگپور ہائی کورٹ کا حکم

بالاپور : (ذاکر احمد) :پنچایت سمیتی کے تحت آنے والی لوہارا گرام پنچایت میں پندرہویں مالیاتی کمیشن کے فنڈ سے کاغذی طور پر ترقیاتی کام دکھا کر 34 لاکھ 59 ہزار روپے کے غبن کا معاملہ سامنے آنے کے بعد ناگپور ہائی کورٹ کے حکم پر کارروائی کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں بالاپور پنچایت سمیتی کے توسیعی افسر گنگادھر گُنڈیکر کی شکایت پر اُرل پولیس نے 12 مارچ کی رات جرم نمبر 147/26 دفعہ 420، 34 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
اس کے بعد 13 مارچ کو لوہارا گرام پنچایت دفتر کی تلاشی لے کر دفتر کو سیل کر دیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق لوہارا گرام پنچایت کے سرپنچ پروین پرلاد مورے اور سیکریٹری گجیندر بالاپورے پر الزام ہے کہ انہوں نے آپس میں سازباز کر کے گرام پنچایت کے فنڈ کا غلط استعمال کیا اور کاغذی طور پر ترقیاتی کام دکھا کر لاکھوں روپے ہڑپ لئے۔ یہ الزام سابق نائب سرپنچ ہِمّت راؤ تایدے نے متعلقہ حکام کو دی گئی شکایت میں لگایا تھا۔
اس شکایت کی بنیاد پر ایک کمیٹی تشکیل دے کر جب جانچ کی گئی تو 34 لاکھ 59 ہزار روپے کے غبن کی تصدیق ہوئی۔ اس کے باوجود طویل عرصہ تک کارروائی نہ ہونے پر سابق نائب سرپنچ ہِمّت راؤ تایدے نے براہِ راست ناگپور ہائی کورٹ (ممبئی بینچ) سے رجوع کرتے ہوئے کارروائی کے لیے عرضی دائر کی۔
عرضی کی سماعت اور جانچ کے بعد ہائی کورٹ نے سرپنچ اور سیکریٹری کو 34 لاکھ 59 ہزار روپے کے غبن کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔ مقدمہ درج ہونے کی اطلاع ملتے ہی سیکریٹری گجیندر بالاپورے اور سرپنچ پروین مورے گاؤں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ اس معاملے کی مزید تفتیش اُرل پولیس اسٹیشن کے تھانیدار پنکج کامبلے کر رہے ہیں۔
گرام پنچایت کے اراکین میں خوف کا ماحول!
پندرہویں مالیاتی کمیشن کے فنڈ کے تحت گاؤں میں لاکھوں روپے کے ترقیاتی کام کاغذی طور پر دکھائے گئے تھے۔ اس معاملے میں نائب سرپنچ سمیت نو اراکینِ گرام پنچایت نے چیف ایگزیکٹو آفیسر، اکولہ کے پاس بھی شکایت درج کرائی تھی، تاہم جانچ کے دن ہی سب کو مطمئن کر دیا گیا تھا۔
اب اس معاملے میں مقدمہ درج ہونے کے بعد کئی اراکین کو یہ خوف لاحق ہے کہ کہیں ان پر بھی مقدمہ درج نہ ہو جائے، جس کے باعث بعض لوگ گاؤں چھوڑنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
ردِعمل:
"ناگپور ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق 34 لاکھ 59 ہزار روپے کے غبن کے معاملے میں جمعرات کی رات اُرل پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کر کے سرپنچ اور سیکریٹری کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔”۔۔۔
– گنگادھر گُنڈیکر
توسیعی افسر، پنچایت سمیتی بالاپور



