بالاپور: انجمن جونیئر کالج میں ایچ۔ایس۔سی امتحان پُرامن ماحول میں مکمل

بالاپور : (ذاکر احمد) :مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے منعقد ہونے والا ایچ۔ایس۔سی فروری-مارچ 2026 کا امتحان انجمن جونیئر کالج امتحانی مرکز پر پُرامن اور منظم ماحول میں مکمل ہوا۔ اس امتحان کا آغاز 10 فروری کو انگریزی مضمون کے پہلے پرچے سے ہوا تھا جبکہ آخری پرچہ سماجیات (سوشیالوجی) کے مضمون کا لیا گیا۔
اس امتحانی مرکز پر سائنس اور آرٹس شعبوں کے کُل 426 طلبہ نے امتحان دیا۔ ان میں سے 326 طلبہ سائنس شعبہ کے جبکہ 100 طلبہ آرٹس شعبہ کے تھے۔ امتحان کے دوران طلبہ میں جوش و خروش کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط کا بہترین ماحول دیکھنے کو ملا۔
اس مرکز پر گھانابائی ودیالیہ، شیلد جونیئر کالج، منورما آرٹس، سائنس اینڈ کامرس کالج، یشودابائی کالج ویالا، بینابائی کالج، حسامیہ جونیئر کالج، جعفر نقشبندی کالج اور انجمن جونیئر کالج کے طلبہ نے امتحان دیا۔
امتحان کو بخوبی اور منظم طریقے سے منعقد کرنے کے لیے مرکز پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی کی گئی۔ اس کے علاوہ انتظامیہ کی جانب سے مناسب پولیس اور ہوم گارڈ بندوبست بھی تعینات کیا گیا تھا، جس کے باعث امتحان مکمل طور پر پُرامن اور منظم ماحول میں منعقد ہوا۔
امتحان کے دوران بورڈ کے نمائندے، امتحانی دستے اور دیگر متعلقہ افسران وقتاً فوقتاً مرکز پر موجود رہ کر انتظامات کا جائزہ لیتے رہے۔
اس موقع پر امتحانی مرکز کے ڈائریکٹر جعفر حسین شیخ اور معاون شعیب محمد خان کی رہنمائی میں پوری امتحانی کارروائی کامیابی کے ساتھ مکمل کی گئی۔ مرکز انتظامیہ اور اساتذہ کے تعاون سے طلبہ کو کسی قسم کی دشواری پیش نہیں آنے دی گئی۔
امتحان پُرامن طریقے سے مکمل ہونے پر طلبہ اور سرپرستوں نے اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔


