امریکہ۔اسرائیل کا ایران پر حملہ اور امت کے اتحاد کی ضرورت

تحریر: ذاکر احمد، بالاپور
شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب مدظلہم نے 16 رمضان المبارک کو جمعۃ المبارک کے موقع پر اپنے بیان میں رمضان المبارک اور خصوصاً اس کے آخری عشرے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ رمضان دعاؤں کا مہینہ ہے۔ اس مبارک مہینے میں ہر مسلمان کو چاہیے کہ وہ اپنے لیے، اپنے عزیز و اقارب کے لیے، اپنے گھر والوں کے لیے، اپنے ملک اور پوری امت مسلمہ کے لیے خصوصی طور پر دعاؤں کا اہتمام کرے۔ موجودہ حالات میں امت مسلمہ کو اتحاد، صبر اور اللہ تعالیٰ کی مدد کی سخت ضرورت ہے۔
اسی تناظر میں حضرت والا مدظلہم نے ایران پر امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ہونے والے حملے کو عالمی غنڈہ گردی اور جنگل کے قانون کی مثال قرار دیا۔ انہوں نے فرمایا کہ دنیا میں طاقت کے زور پر فیصلے مسلط کیے جا رہے ہیں اور مسلم ممالک کو کمزور کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب نے اس موقع پر ایک نہایت اہم نکتہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ یہ کہنے لگتے ہیں کہ ایران تو شیعہ ملک ہے اور ہم سے اس کے اختلافات ہیں، اس لیے ہمیں اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہونا چاہیے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر اس لیے حملہ نہیں کیا کہ وہ شیعہ ہے، بلکہ اس لیے کہ وہ عالم اسلام کا ایک رکن ہے۔*
انہوں نے مزید فرمایا کہ ایسے نازک وقت میں شیعہ سنی اختلافات کو ہوا دینا انتہائی نقصان دہ ہے۔ ہمیں یہ دیکھنا چاہیے کہ کس وقت کون سی بات مناسب ہے۔ دشمن اسلام کو کمزور کرنے کے لیے ہمیشہ مسلمانوں کے درمیان اختلافات کو بڑھانے کی کوشش کرتا ہے، اس لیے امت مسلمہ کو چاہیے کہ وہ ایسے حالات میں باہمی اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرے۔
حضرت مولانا نے یہ بھی کہا کہ ایران کو اس وقت عالمی دباؤ اور حملوں کا سامنا ہے اور وہ اس کے مقابلے میں ڈٹ کر کھڑا ہے، اس لحاظ سے اس کی حمایت کی جانی چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان نے بھی اس معاملے میں ایران کے ساتھ ہم آہنگی اور یکجہتی کا اعلان کیا ہے۔
آخر میں انہوں نے مسلمانوں کو نصیحت کی کہ رمضان المبارک کے بابرکت ایام خصوصاً آخری عشرے میں امت مسلمہ کی سلامتی، اتحاد اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کے لیے دل سے دعائیں کریں، کیونکہ اللہ تعالیٰ ہی تمام مشکلات کو دور کرنے والا اور امت کو عزت و سربلندی عطا کرنے والا ہے۔



