مہاراشٹر

بالاپور : بلدیہ میں کل وقتی چیف آفیسر کی تقرری کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ; دو برس سے زیادہ عرصہ سے عہدہ خالی; ترقیاتی کام اور آمدنی کا نظام متاثر

بالاپور : (ذاکر احمد) :بلدیہ میں گزشتہ دو برس سے زیادہ عرصہ سے کل وقتی چیف آفیسر کا عہدہ خالی ہونے کے باعث شہر کے ترقیاتی کاموں اور آمدنی کی وصولی کے نظام پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ اس سلسلے میں شہر کے سماجی کارکنان اور ذمہ داران نے ضلع کلکٹر ورشا مینا کو ایک مکتوب پیش کرتے ہوئے بلدیہ کے لیے مستقل چیف آفیسر کی فوری تقرری کا مطالبہ کیا ہے۔
مکتوب میں بتایا گیا ہے کہ (بی) درجہ کی بلدیہ ہونے کے باوجود یہاں دو سال سے زائد عرصہ سے مستقل چیف آفیسر موجود نہیں ہے۔ اس کے نتیجے میں مختلف محکموں کے درمیان انتظامی ہم آہنگی کمزور پڑ گئی ہے اور بلدیہ کا روزمرہ کام متاثر ہو رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ چیف آفیسر کی عدم موجودگی کے سبب صفائی ستھرائی، تعمیراتی کام، پانی کی فراہمی اور اسٹریٹ لائٹس جیسی بنیادی سہولتیں بھی متاثر ہو رہی ہیں، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
آمدنی کی وصولی پر بھی اثر!
مکتوب میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ بلدیہ کے مکان کرایہ، واٹر ٹیکس، ٹینک اور دکانوں کے کرایہ کی بڑی رقم بقایا پڑی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ ٹھیکیداروں کے بل کام مکمل ہونے کے باوجود طویل عرصہ سے زیر التواء ہیں، جس کی وجہ سے نئے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز مشکل ہو گیا ہے۔
سماجی کارکنان کا کہنا ہے کہ اگر جلد ہی چیف آفیسر کی تقرری نہیں کی گئی تو بلدیہ کے انتظامی امور مزید متاثر ہوں گے اور شہر کی ترقی پر اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
احتجاج کی تنبیہ!
مکتوب میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بلدیہ میں کل وقتی چیف آفیسر کی فوری تقرری کر کے انتظامی کاموں میں تیزی لائی جائے، بصورت دیگر شہریوں اور سماجی تنظیموں کی جانب سے جمہوری طریقے سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کی تنبیہ بھی دی گئی ہے۔
اس موقع پر سماجی کارکنان دیویندر جومالے، ارشاد احمد، یوگیش دھنوکار، ایوب شاہ، سنجے اومالے، عبدال غفران (سجاد) سمیت دیگر شہری موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!