مہاراشٹر

چھوٹی شاہی مسجد کے قریب گونجی امن، محبت اور بھائی چارے کی صدائیں; عیدُالاضحیٰ پر بالاپور میں گنگا جمنی تہذیب کی خوبصورت مثال قائم؛ ہر طرف اخوت، محبت اور انسانیت کا پیغام

بالاپور : 28 مئی: (ذاکر احمد) :مقدس تہوار عیدُالاضحیٰ کے پُرمسرت موقع پر جمعرات کے روز شہرِ بالاپور میں عقیدت، جوش و خروش، امن اور بھائی چارے کا ایک دلکش منظر دیکھنے کو ملا۔ شہر کی چھوٹی شاہی مسجد سمیت مختلف مساجد اور عیدگاہوں میں مسلمانوں نے بڑی تعداد میں جمع ہوکر عید کی خصوصی نماز ادا کی اور ملک میں امن، خوشحالی، بھائی چارے اور انسانیت کی بقا کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔
نمازِ عید کے بعد چھوٹی شاہی مسجد کے احاطے میں محبت، خلوص اور سماجی ہم آہنگی کا ایسا روح پرور منظر دیکھنے کو ملا جس نے ہر دل کو متاثر کردیا۔ بالاپور کی معروف شخصیات حاجی رحمان قریشی، آصف شاہ اور عمران قریشی سے مختلف مذاہب اور طبقات کے لوگوں نے گلے مل کر عید کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر ہندو سماج کے معزز شخصیت گجانن مہاراج پوری بھی خصوصی طور پر موجود رہے۔ انہوں نے تمام شہریوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے محبت، اتحاد، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کا پیغام دیا۔
تقریب میں بالاپور پولیس محکمہ کی جانب سے پولیس افسر جھوڑگے، گُپتچر روی راؤت اور دیگر پولیس اہلکار بھی شریک ہوئے۔ انہوں نے شہریوں سے ملاقات کرکے عید کی مبارکباد پیش کی اور شہر میں امن و سکون اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ پولیس انتظامیہ کی اس خوشگوار شرکت کو عوام نے بے حد سراہا۔
عید کے اس مبارک موقع پر بالاپور میں جس انداز سے مختلف مذاہب اور برادریوں کے لوگ ایک دوسرے کے قریب آئے، اس نے یہ ثابت کردیا کہ تہوار صرف خوشیاں منانے کا نام نہیں بلکہ دلوں کو جوڑنے، نفرتوں کو مٹانے اور انسانیت کو مضبوط بنانے کا ایک خوبصورت ذریعہ بھی ہیں۔
شہر کے بزرگوں اور نوجوانوں نے ایک آواز میں کہا کہ بالاپور کی اصل پہچان اس کی آپسی محبت، اتحاد، بھائی چارہ اور گنگا جمنی تہذیب ہے، اور یہی خوبصورت روایت آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن مثال بن کر ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!