مہاراشٹر

ضلع پریشد اکولہ کے تعلیمی محکمہ کا حکم: HRA لینے والے ملازمین کے لیے ہیڈکوارٹر میں رہائش کا ثبوت پیش کرنا لازمی

اکولہ : (ذاکر احمد شیخ) :ضلع پریشد اکولا کے تحت تعلیمی محکمہ نے HRA (ہاؤس رینٹ الاؤنس) حاصل کرنے والے ملازمین کے لیے ایک اہم حکم جاری کیا ہے۔ اس حکم کے مطابق جو ملازمین HRA حاصل کر رہے ہیں انہیں اپنے متعلقہ ہیڈکوارٹر (HQ) پر رہائش پذیر ہونے کا سرکاری ثبوت پیش کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
یہ شرط بنیادی طور پر آروگیہ سیوک، گرام سیوک، پرائمری اساتذہ اور محکمہ خواتین و اطفال بہبود کے آنگن واڑی سپروائزر سمیت دیگر ملازمین پر لاگو ہوگی۔
حکم کے مطابق اگر کوئی ملازم ہیڈکوارٹر میں رہائش اختیار کیے بغیر HRA حاصل کرتا ہوا پایا گیا تو اس کی مکمل جانچ کی جائے گی اور متعلقہ ملازم کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ ایسے معاملات میں غلط طریقے سے حاصل کیا گیا HRA سود سمیت واپس وصول کرنے کی بھی شق رکھی گئی ہے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ متعلقہ ملازمین کو نوٹس ملنے کے بعد تین دن کے اندر ہیڈکوارٹر میں رہائش کا ثبوت پیش کرنا ہوگا۔ مقررہ مدت میں مطلوبہ دستاویزات پیش نہ کرنے کی صورت میں اپریل 2026 سے ان کی تنخواہ میں شامل HRA الاؤنس بند کر دیا جائے گا۔
اگر کوئی ملازم کرایہ کے مکان میں رہتا ہے تو اسے کرایہ نامہ (Rent Agreement) پیش کرنا ضروری ہوگا۔ اس کے لیے 100 روپے کے اسٹامپ پیپر پر معاہدہ، مکان مالک اور ملازم کے آدھار کارڈ کی نقول اور کرایہ کے مکان کا مکمل پتہ درج کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ادھر اس حکم کے بعد ضلع پریشد کے ملازمین میں خاصی ہلچل دیکھنے میں آ رہی ہے اور کئی ملازمین ضروری دستاویزات کی تکمیل کے لیے کوشش کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!