میرا-بھائیندرمیں دردناک واقعہ: وارڈ نمبر 22 کے امیدوارجاوید پٹھان کا دل کا دورہ پڑنے سے ہوا انتقال؛ حامیوں کے نعروں کے بیچ چھا گئی خاموشی

میرا-بھائیندر: (کاوش جمیل نیوز) :میرا-بھائیندر میونسپل کارپوریشن انتخابات کے لیے منگل کے روز نامزدگی فارم داخل کرنے کے فوراً بعد دل کا دورہ پڑنے سے ایک امیدوار کا اچانک انتقال ہو گیا۔ مرحوم امیدوار کی شناخت جاوید پٹھان (66) کے طور پر ہوئی ہے۔ اس افسوسناک واقعے پر شہر بھر میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق، جاوید پٹھان میرا روڈ کے نیا نگر علاقے میں واقع انتخابی دفتر پہنچے تھے، جہاں انہوں نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی جانب سے وارڈ نمبر 22 سے اپنے حامیوں کے ہمراہ نامزدگی فارم داخل کیا۔ فارم جمع کرانے کے بعد وہ دفتر سے باہر نکلے ہی تھے کہ اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی۔
اہلِ خانہ نے فوری طور پر انہیں علاج کے لیے ایک نجی اسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں نے اسپتال پہنچنے سے قبل ہی ان کے انتقال کی تصدیق کر دی۔ اس دل دہلا دینے والے سانحے نے انتخابی سرگرمیوں کے بیچ سوگ کی فضا قائم کر دی ہے، جبکہ مقامی شہریوں، سیاسی کارکنوں اور حامیوں نے مرحوم کے انتقال پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ میرا-بھائیندر میں پیش آیا، جہاں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں سیاسی گہماگہمی عروج پر ہے۔ مرحوم جاوید پٹھان کو علاقے میں ایک فعال سماجی و سیاسی شخصیت کے طور پر جانا جاتا تھا۔



