بالاپور: مردم شماری 2027 کے لئے تربیتی پروگرام کا آغاز،دو مراحل میں شمار کنندگان اور سپروائزرز کی رہنمائی

بالاپور : (بذریعہ ذاکر احمد) :ملک میں ہونے والی آئندہ مردم شماری 2027 کے پیشِ نظر تیاریوں کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے اور اس سلسلے میں پورے مہاراشٹر میں انتظامیہ متحرک نظر آ رہی ہے۔ ریاست بھر میں 23 اپریل سے 8 مئی تک مردم شماری کے عملے یعنی شمار کنندگان (Enumerator) اور سپروائزرز کے لئے خصوصی تربیتی پروگرام منعقد کئے جا رہے ہیں۔
اسی تناظر میں بالاپور نگر پریشد کی جانب سے بھی منظم انداز میں تیاری شروع کر دی گئی ہے۔ بالاپور شہر کے چارج آفیسر و چیف آفیسر کی نگرانی میں تربیتی پروگرام کو دو مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلا مرحلہ 28 اپریل سے 30 اپریل 2026 تک جاری ہے جبکہ دوسرا مرحلہ 4 مئی سے 6 مئی 2026 کے درمیان منعقد کیا جائے گا۔
فی الحال پہلے مرحلے کی تربیت بالاپور نگر پریشد کے دفتر کے کانفرنس ہال میں جاری ہے، جس میں مجموعی طور پر 48 شمار کنندگان اور سپروائزرز حصہ لے رہے ہیں۔ اس تربیتی پروگرام کی ذمہ داری نگر پریشد بالاپور کے معاون استاد آصف مصطفیٰ سر کے سپرد کی گئی ہے، جو صبح 9:30 بجے سے شام 6 بجے تک نہایت محنت اور لگن کے ساتھ عملے کو مردم شماری کے مختلف مراحل اور تکنیکی پہلوؤں سے واقف کرا رہے ہیں۔
تربیت حاصل کرنے والوں کی سہولت کے لئے کھانے اور چائے کا مناسب انتظام بھی کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ موجودہ شدید گرمی کو مدنظر رکھتے ہوئے تربیتی ہال میں کولر کی خصوصی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جو چارج آفیسر راہول کنکال کی پہل کا نتیجہ ہے۔ اس انتظام کی وجہ سے شرکاء آرام دہ ماحول میں پورے انہماک کے ساتھ تربیت حاصل کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ مردم شماری 2027 کے کامیاب انعقاد کے لئے یہ تربیت انتہائی اہم سمجھی جا رہی ہے، جس کے ذریعے شمار کنندگان اور سپروائزرز کو مردم شماری کے طریقۂ کار، ذمہ داریوں اور عملی مراحل کے بارے میں مفصل رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔




