ممبئی دوردرشن سہیادری چینل پر عظیم الشان مشاعرہ کی 20مارچ کو نشریات; اردو ادب کے فروغ کے لیے ایسے مشاعرے بہت ضروری: سید حسین اختر

ممبئی (نامہ نگار): ممبئی دوردرشن کے معروف سہیادری چینل پر ایک شاندار اور یادگار اردو مشاعرہ کی ٹیلی کاسٹ کا اعلان کیا گیا ہے، جسے تین مختلف اوقات میں ناظرین کے لیے پیش کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق یہ مشاعرہ 20 مارچ 2026 کو دوپہر 2 بجکر 30 منٹ پر نشر کیا جائے گا، جبکہ اسی روز رات 10 بجے دوبارہ پیش کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 21 مارچ 2026 کو دوپہر 3 بجکر 30 منٹ پر بھی اس مشاعرے کی نشریات کی جائیں گی، تاکہ زیادہ سے زیادہ ناظرین اس ادبی محفل سے محظوظ ہو سکیں۔
اس عظیم الشان مشاعرے میں ریاستِ مہاراشٹر کے ممتاز اور نامور شعراء شرکت کر رہے ہیں، جن میں شفیع احمد شفیعؔ، شیخ معین الدین فکرؔ پڑتاپ گڑی، ڈاکٹر یوسف صابرؔ، رعنا تبسم، عبدالواحد جاذب، سید کریم اللہ حسینی نیرؔ اور ذکی صدیقی شامل ہیں۔ یہ تمام شعراء اپنے منتخب کلام کے ذریعے ناظرین کو ایک یادگار ادبی تجربہ فراہم کریں گے۔
مشاعرے کی صدارت مہاراشٹر راجیہ اردو ساہتیہ اکیڈمی کے چیئرمین سید حسین اختر فرمائیں گے، جبکہ نظامت کے فرائض شفیع احمد شفیعؔ انجام دیں گے۔
اس موقع پر سید حسین اختر نے کہا کہ اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے اس طرح کے مشاعرے نہایت اہمیت کے حامل ہیں، اور دوردرشن جیسے پلیٹ فارم پر ان کی نشریات سے اردو کی ترویج کو نئی جہت ملتی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مشاعرے کو ضرور دیکھیں اور شعراء کے کلام سے لطف اندوز ہوں۔
اردو ادب سے شغف رکھنے والے باذوق خواتین و حضرات سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ اس ادبی پروگرام کو دیکھیں اور اس خوبصورت ادبی روایت کو زندہ رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔



