مہاراشٹر

بیت الامداد فاؤنڈیشن و اورنگ آباد علماء فاؤنڈیشن کے اشتراک سے پڑیگائوں میں رمضان راشن کٹس کی تقسیم

اورنگ آباد: معروف سماجی و رفاہی ادارہ بیت الامداد فاؤنڈیشن اور اورنگ آباد علماء فاؤنڈیشن کے باہمی اشتراک سے پڑیگاؤں، اورنگ آباد میں غریب، نادار اور مستحق افراد کے درمیان رمضان المبارک کے موقع پر راشن کٹس تقسیم کی گئیں۔ یہ بابرکت اور منظم پروگرام قاری ضیاء الرحمن فاروقی (ڈائریکٹر بیت الامداد فاؤنڈیشن) کی نگرانی میں منعقد ہوا۔
تفصیلات کے مطابق، اس کارِ خیر سے قبل علاقے میں باقاعدہ سروے کیا گیا، جس کی ذمہ داری حافظ الیاس کاشفی (تحفظ دین و بیت الامداد کے مقامی ذمہ دار) نے انجام دی۔ سروے کے ذریعے حقیقی مستحقین کی نشاندہی کی گئی اور پھر نہایت منظم طریقے سے راشن کٹس ان تک پہنچائی گئیں، تاکہ امداد صحیح افراد تک پہنچ سکے۔
اس موقع پر پڑیگاؤں کے متعدد ائمہ مساجد کو بھی خصوصی طور پر راشن کٹس فراہم کی گئیں، جسے عوام نے بے حد سراہا اور خوشی کا اظہار کیا۔ پروگرام کی کامیابی میں علاقے کے نوجوانوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور بھرپور تعاون پیش کیا۔
قاری ضیاء الرحمن فاروقی نے اپنے خطاب میں بتایا کہ گزشتہ دو سالوں سے بیت الامداد فاؤنڈیشن اس علاقے میں مسلسل رفاہی خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی جانب سے شہر اور اطراف میں روزانہ مفت کھانا تقسیم کیا جا رہا ہے، اس کے علاوہ طبی امداد، ماہانہ راشن کی فراہمی، بیوہ خواتین اور یتیم بچوں کی مدد جیسے اہم کام بھی مستقل جاری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ادارے کا مقصد صرف وقتی امداد فراہم کرنا نہیں بلکہ غریب افراد کو خود کفیل بنانا بھی ہے۔ اس سلسلے میں ایک جامع منصوبہ تیار کیا جا چکا ہے، جس کے تحت مستحق افراد کو کم سرمائے کے ساتھ تجارت سے جوڑا جائے گا تاکہ وہ مستقل طور پر معاشی استحکام حاصل کر سکیں۔ اس منصوبے پر بہت جلد عملی کام کا آغاز کیا جائے گا۔
مزید برآں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ یہ علاقہ بعض فتنوں اور گمراہ کن سرگرمیوں سے متاثر ہے، جہاں غربت اور مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بعض عناصر کی جانب سے امداد کے بہانے لوگوں کو اپنے اثر میں لینے کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں۔ ایسے نازک حالات میں بیت الامداد فاؤنڈیشن بلا تفریق مذہب و ملت اس علاقے میں سال کے بارہ مہینے خالص رفاہی خدمات انجام دے رہی ہے، تاکہ ضرورت مند افراد کی مدد بھی ہو اور وہ کسی بھی طرح کے استحصال سے محفوظ رہ سکیں۔
قاری ضیاء الرحمن فاروقی نے اس کامیاب پروگرام میں تعاون کرنے والے تمام معاونین، مخیر حضرات اور خصوصاً علاقے کے نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر حافظ الیاس کاشفی نے بھی بیت الامداد فاؤنڈیشن کی دو سالہ مسلسل خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ واقعی اخلاص کے ساتھ علاقے میں رفاہی کام انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ راشن کٹس کی تقسیم کے ساتھ ساتھ متعدد مساجد میں پورے رمضان المبارک کے دوران افطار کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے، جس سے بڑی تعداد میں لوگوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔
آخر میں علاقے کے ذمہ داران اور عوام نے امید ظاہر کی کہ بیت الامداد فاؤنڈیشن مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ رفاہی خدمات انجام دیتی رہے گی اور ضرورت مندوں کی مدد کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!