اکولہ: پاتورمیں طلباء کے لیے مفت آنکھوں کی جانچ کا کیمپ • فرحان امین کی پہل پر شاندار انعقاد

پاتور: (نمائندہ): پاتور شہر میں طلباء کی آنکھوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے حال ہی میں ایک مفت آنکھوں کی جانچ کے کیمپ کا کامیابی کے ساتھ انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ سے سیکڑوں طلباء نے فائدہ اٹھایا۔یہ کیمپ نائب وزیر اعلیٰ اجیت دادا پوار کی سالگرہ کے موقع پر، راشٹروادی کانگریس کے صوبائی سیکریٹری محمد فرحان امین کے خیال و منصوبے کے تحت منعقد کیا گیا تھا۔ اس کیمپ کا انعقاد وندنا تائی جگن ناتھ ڈھونے آیورویدک میڈیکل کالج و اسپتال میں کیا گیا۔
مسلسل پڑھائی، موبائل اور اسکرین کے بڑھتے استعمال کی وجہ سے طلباء کی آنکھوں پر پڑنے والے دباؤ کو دیکھتے ہوئے، آنکھوں کی جانچ وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ اسی پس منظر میں اس کیمپ کا انعقاد عمل میں آیا۔ کیمپ میں مشہور ماہرین چشم کی نگرانی میں طلباء کی آنکھوں کی جانچ کی گئی۔ کچھ طلباء کو چشمے کی ضرورت پائی گئی جبکہ کچھ کو مزید علاج کے لیے ضروری مشورے دیے گئے۔ اس موقع پر موجود ڈاکٹروں نے طلباء کو آنکھوں کی درست دیکھ بھال کے متعلق قیمتی رہنمائی بھی فراہم کی۔
والدین اور اساتذہ کی جانب سے اس اقدام کا بھرپور خیر مقدم اور ستائش کی گئی۔ متعدد افراد نے ایسی سرگرمیوں کو باقاعدگی سے منعقد کرنے کا مطالبہ کیا۔ کیمپ کے دوران راشٹروادی کانگریس کے شہر صدر جناب کمر الزما خان، اسٹوڈنٹ کانگریس کے صوبائی سیکریٹری محمد فرحان امین، یوتھ صدر ناتک شیخ، ڈاکٹر عظمت، سید فیضان، سید سعاد، محمد کاشف و دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔