انجمن ہائی اسکول و جونیئر کالج، کھام گاؤں میں سہ روزہ اسپورٹس کا دوسرا دن جوش و خروش سے بھرپور؛ PSI میڈم کی شرکت

کھام گاؤں: قومی تعلیمی پالیسی (NEP) کے مطابق تعلیم کا مقصد صرف نصابی علم کی فراہمی نہیں بلکہ طلبہ کی جسمانی، ذہنی اور اخلاقی نشوونما ہے، جس میں کھیلوں کو کلیدی حیثیت حاصل ہے۔ کھیل نہ صرف صحت مند جسم اور چست ذہن کی تعمیر کرتے ہیں بلکہ نظم و ضبط، ٹیم ورک، قائدانہ صلاحیت اور مثبت مسابقت کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ اسی تعلیمی وژن کو عملی شکل دیتے ہوئے انجمن ہائی اسکول و جونیئر کالج، کھام گاؤں میں سہ روزہ اسپورٹس مقابلوں کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ اسپورٹس کے دوسرے دن بھی مقابلوں کا آغاز صبح 10 بجے ادارہ کے صدر ڈاکٹر وقار الحق خان کی نیک تمناؤں اور خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا، جبکہ افتتاحی تقریب ادارہ کی معزز اتھارٹیز کے ہاتھوں انجام پائی۔ ان مقابلوں میں پانچویں جماعت سے بارہویں جماعت تک کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ ایک صدی مکمل کر چکے اس قدیم تعلیمی ادارہ کے وسیع و عریض میدان میں کھیلوں کی دھوم ہر چار سو نظر آئی اور پورا احاطہ تالیوں اور چیئرنگ سے گونج اٹھا۔
طلبہ کے لیے منعقدہ مقابلے:
4×100 میٹر ریلے ریس، کشتی، 100 میٹر دوڑ، شاٹ پُٹ اور کرکٹ۔
طالبات کے لیے منعقدہ مقابلے:
آلو (بطاطہ) دوڑ، میوزیکل چیئر، مہندی مقابلہ، اِن آؤٹ (فرنٹ بیک)، لیموں چمچ دوڑ، کرکٹ اور ٹگ آف وار۔
تمام مقابلوں میں طلبہ و طالبات نے غیر معمولی مہارت، نظم و ضبط اور کھیل کے اصولوں کی پاسداری کا شاندار مظاہرہ کیا۔ ہر مقابلے میں اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو میڈلز دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ انعامات کی تقسیم پرنسپل احفاظ الحق خان، وائس پرنسپل عمیر محمد خان، سپروائزر شکیل احمد اور اسپورٹس گروپ کے اراکین کے ہاتھوں عمل میں آئی۔
طلبہ نے اپنی جدت، صلاحیت اور محنت سے یہ ثابت کر دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے میدان میں بھی کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔ میدان میں مسلسل تالیوں اور نعروں کی گونج نے مقابلوں کے جوش و خروش میں مزید اضافہ کر دیا۔ پہلے دن کے مقابلے کے مقابلے میں دوسرے دن طلبہ و اساتذہ دونوں میں زیادہ توانائی اور ولولہ دیکھنے میں آیا۔
اس موقع پر اس حقیقت کو بھی اجاگر کیا گیا کہ تعلیمی اداروں میں تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی اہمیت موجودہ ہندوستان کی ایک اہم ضرورت ہے۔ کھیل نہ صرف سائنسی نقطۂ نظر سے جسمانی صحت، ذہنی توازن اور چستی پیدا کرتے ہیں بلکہ اسلامی نقطۂ نظر سے بھی صحت مند جسم، نظم و ضبط، صبر، تعاون اور مثبت سوچ کی ترغیب دیتے ہیں۔
پہلے دن ادارہ میں کھیلوں کی دھوم اور طلبہ کے جوش و خروش کو دیکھتے ہوئے پولیس انتظامیہ، بالخصوص مقامی تھانے کی PSI نارکھڈے میڈم نے بھی اسپورٹس مقابلوں میں شرکت کی، طلبہ کی حوصلہ افزائی کی اور پولیس انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
جسمانی تعلیم کے اساتذہ اور اسپورٹس کمیٹی نے مقابلوں کے لیے نہایت منظم اور مؤثر منصوبہ بندی کی تھی، جس کے باعث تمام مقابلے خوش اسلوبی کے ساتھ انجام پائے۔ اساتذہ کرام نے بھی بھرپور تعاون کرتے ہوئے طلبہ کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی۔
سہ روزہ اسپورٹس کا دوسرا دن ادارہ کے لیے ایک کامیاب اور یادگار دن ثابت ہوا، جس نے طلبہ میں کھیلوں کے تئیں دلچسپی کو مزید فروغ دیا اور ادارہ کی ہمہ جہت تعلیمی سوچ کا عملی ثبوت پیش کیا۔



