تعلیم و روزگار

تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے وزیرِ تعلیم، اساتذہ کے ساتھ کھڑے،بی ایل او اور غیر تعلیمی کاموں سے آزاد کرنے کی وزیراعلیٰ کو لکھا خط

ممبئی: ( نامہ نگار):ریاست کے اساتذہ کو صرف تدریسی ذمہ داریوں پر توجہ دینے کا موقع ملے اور اسکولی تعلیم کا معیار بہتر ہو،اس مقصد کے تحت ریاستی وزیرِ تعلیم داداجی بھوسے نے اساتذہ کو بی ایل او اور دیگر انتخابی و غیر تدریسی کاموں سے مستثنیٰ رکھنے کا پر زور مطالبہ ریاست کے وزیراعلیٰ جناب دیویندر جی فڈنویس سے تحریری طور پر کی ہے۔ اس اہم پیش رفت کے پیچھے اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ کی مسلسل اور مؤثر نمائندگی کا نمایاں کردار رہا ہے۔اساتذہ پر غیر تعلیمی کاموں کا بڑھتا ہوا بوجھ طلبہ کی تعلیمی پیش رفت اور اسکولوں کے مجموعی معیار کو متاثر کر رہا ہے، اس سنجیدہ مسئلہ کی جانب اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ نے وزیرِ تعلیم کی توجہ مبذول کروائی تھی۔ اسی پس منظر میں وزیرِ تعلیم نے اساتذہ کے حق میں واضح اور مضبوط موقف اختیار کیا ہے،وزیراعلیٰ کو ارسال کیے گئے خط میں وزیرِ تعلیم نے واضح طور پر کہا ہے کہ حقِ تعلیم قانون 2009 (RTE) کے مطابق اساتذہ کی بنیادی اور اولین ذمہ داری صرف تدریس ہے۔ لیکن حالیہ برسوں میں اساتذہ کو بڑی تعداد میں بی ایل او، انتخابی نظرثانی، سروے اور دیگر غیر تدریسی ذمہ داریوں میں مصروف کیا جا رہا ہے،جس کے نتیجے میں باقاعدہ کلاسیں متاثر ہو رہی ہیں اور نصاب کی تکمیل میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔وزیرِ تعلیم نے اس مسئلہ کا متبادل حل بھی تجویز کیا ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کی ہدایات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی ایل او اور متعلقہ کاموں کے لیے آنگن واڑی ملازمین، تحصیل کے عملہ، گرام سیوک، زرعی خدمات کے اہلکار، ڈاکیہ، صحت عملہ، آشا ورکرس اور میونسپل و کارپوریشن کے ملازمین جیسے مختلف محکموں کے افرادی وسائل سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ ریاست میں یہ افرادی قوت بڑی تعداد میں دستیاب ہونے کے باعث اساتذہ کو غیر تعلیمی کاموں میں لگانے سے گریز کیا جانا چاہیے۔فی الحال ریاست بھر کے ہزاروں اساتذہ کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ وزیراعلیٰ جناب دیویندر جی فڈنویس اس معاملے پر کیا فیصلہ اور ہدایات جاری کرتے ہیں۔ اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ,11138نے وزیرِ تعلیم کے اس مثبت اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اساتذہ کو انصاف ملے گا اور طلبہ کا تعلیمی مستقبل محفوظ ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!